
عوامی بیداری اور عوامی شراکت سے بہار نشہ سے پاک بنے گا : وزیر اعلیٰ
پٹنہ، 15 ستمبر(ہ س)۔ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے آج ’نشہ سے پاک بہار، بہتر بہار، بڑھتا بہار‘ مہم کے تحت تیار کی گئی سرکاری ویب سائٹ کا آغاز کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مہم سے وابستہ تمام افراد کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں اور کہا کہ نشہ سے پاک بہار کی تعمیر صرف حکومت کی کوششوں سے ممکن نہیں ہے۔ اس کے لیے سماج کے ہر طبقے کی فعال شراکت اور وسیع پیمانے پر عوامی بیداری ضروری ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نشہ سے مکمل نجات اسی وقت ممکن ہے، جب لوگ نشہ کے مضر اثرات سے واقف ہوں اور نشہ سے دور رہنے کا عزم کریں۔ نوجوانوں اور آنے والی نسل کو نشہ کی گرفت سے بچانے کے لیے مسلسل بیداری مہم چلانے کے ساتھ ساتھ سماج میں مثبت اور صحت مند ماحول پیدا کرنا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’نشہ سے پاک بہار‘ مہم کے ذریعے نوجوانوں، طلبا اور عام شہریوں کو نشہ کے مضر اثرات سے آگاہ کرنے اور نشہ سے پاک معاشرے کی تعمیر میں عوامی شراکت کو فروغ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مہم کی سرکاری ویب سائٹ اس سمت میں بیداری اور عوامی شمولیت کو وسیع کرنے کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہوگی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نشہ سے نجات کی اس اہم مہم میں سماجی اور روحانی اداروں کی شراکت بھی اہم ہے۔ اسی سلسلے میں حال ہی میں پرجاپتا برہما کماری ایشوریہ یونیورسٹی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں۔ یہ شراکت سماج کو نشہ سے پاک بنانے کی سمت میں ایک مثبت اور اہم پہل ہے۔ جیویکا دیدیاں بھی اس سمت میں اہم تعاون کر رہی ہیں۔ آپ سب لوگوں نے اپنے اپنے اداروں کے ذریعے ’نشہ سے پاک بہار، بہتر بہار‘ بنانے کا جو عزم کیا ہے، یہ قابل ستائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’نشہ سے پاک بہار‘ کا عزم ایک صحت مند، محفوظ اور مضبوط معاشرے کی تعمیر کا عزم ہے۔ بہار میں مکمل شراب بندی نافذ ہے۔ حکومت قانون کے ذریعے اس کے خلاف کام کرنے والے لوگوں پرکارروائی کر رہی ہے۔ حکومت کی کوششوں کے ساتھ ساتھ سماج کی اجتماعی شراکت سے بہار کو نشہ سے پاک بنانے میں مدد ملے گی۔ اس مہم کو عوامی تحریک کی شکل دینے کی آپ لوگوں کی کوشش قا بل ستائش ہے۔وزیر اعلیٰ نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ نشہ کے خلاف بیداری پھیلائیں، نوجوانوں کو نشہ سے دور رکھیں اور نشہ سے پاک بہار کی تعمیر میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔
قابل ذکر ہے کہ گاؤں سماج فاونڈیشن کے ذریعہ بہار کو نشہ سے پاک بنانے کے مقصد سے ’نشہ سے پاک بہار‘ عوامی بیداری مہم چلائی جا رہی ہے۔ فاؤنڈیشن کے ذریعہ اس مہم کی سرکاری ویب سائٹ بھی تیار کی گئی ہے۔ پروگرام کے دوران قانون ساز کونسل کے رکن جناب سنجے میوکھ، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری سنجے کمار سنگھ سمت اس مہم کو رفتار دینے کے لیے مختلف اداروں کے نمائندے ’سنکلپ ساتھی‘ کے طور پر موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan