
نئی دہلی، 14 ستمبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو ملک کے عوام کو گنیش چترتھی کی دلی مبارکباد دی اور کہا کہ وگھن ہرتا کی پوجا اور ارچنا کا یہ مقدس تہوار سب کی زندگی میں نئی توانائی اور نیا جوش بھرے۔ ان کی کرپا سے تمام کام کامیاب ہوں اور ملک مسلسل ترقی کی راہ پر آگے بڑھتا رہے۔
وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر سنسکرت کا ایک اشلوک شیئر کیا جس کا مفہوم ہے کہ جن کے دستِ مبارک میں مودک سجا ہوا ہے، جو ہمیشہ نجات کی راہ ہموار کرتے ہیں، جنہوں نے چاند کو اپنے ماتھے کا زیور بنایا ہے، جو پوری دنیا کے محافظ ہیں اور پورے کائنات کے مالک ہیں، جنہوں نے گجاسُر نامی راکشس کا خاتمہ کیا اور جو اپنے عقیدت مندوں کو تمام مصیبتوں سے فوری نجات عطا کرتے ہیں، میں ان بھگوان شری وِنایک کو پرنام کرتا ہوں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد