
نئی دہلی، 14 ستمبر (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر نتن نوین نے وزیر اعظم نریندر مودی کی سالگرہ کے موقع پر ملک کے عوام سے ’آشیرواد کا دیا‘ جلانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا بنیادی مقصد ’جن سیوا سے دیش سیوا‘ رہا ہے اور گزشتہ 25 برسوں سے انہوں نے اسی عزم کے ساتھ ملک کی خدمت کی ہے۔
نتن نوین نے پیر کو جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ جب مودی نے ملک کی قیادت سنبھالی، اس وقت ملک کے سامنے کئی چیلنجز تھے۔ انہوں نے نئی پالیسیوں اور اسکیموں کے ذریعے عام لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کا کام کیا۔ کورونا وبا کے دوران بھی وزیر اعظم کی قیادت میں ملک نے بحران کو موقع میں بدلنے کی کوشش کی اور ویکسین تیار کرکے خود کفیل ہندوستان کی سمت اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے نوجوانوں اور خواتین کو خود کفیل بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے۔ اسٹارٹ اپس کے ذریعے نوجوانوں کو نئے مواقع ملے، جبکہ بیت الخلا کی تعمیر اور ’لکھ پتی دیدی‘ جیسی اسکیموں کے ذریعے خواتین کے احترام اور معاشی بااختیاری پر زور دیا گیا۔
بی جے پی صدر نے کہا کہ ملک کی سلامتی کے محاذ پر بھی بڑی تبدیلی آئی ہے۔ نکسل ازم کے اثرات کو بڑی حد تک ختم کیا گیا ہے اور دہشت گردی کے خلاف بھی حکومت نے سخت موقف اپنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک اپنی سرحدوں کی سلامتی کے حوالے سے پہلے کے مقابلے میں زیادہ مضبوط پوزیشن میں ہے۔
نتن نوین نے کہا کہ ملک ’وکست بھارت @ 2047‘ کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وزیر اعظم کی سالگرہ 17 ستمبر کو شام 6 سے 7 بجے کے درمیان اپنے گھروں میں ’آشیرواد کا دیا‘ جلائیں اور ان کی درازیٔ عمر اور کامیاب زندگی کے لیے دعا کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد