
نئی دہلی، 15 ستمبر (ہ س)۔
وی ایف ایس گلوبل نے جنوبی ایشیا میں جنوبی کوریا کی ویزا خدمات کو وسعت دیتے ہوئے ہندوستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا میں کل چھ کورین ویزا درخواست مراکز کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ ہندوستان میں نئی دہلی، بنگلورو، چنئی اور کولکاتا کے علاوہ بنگلہ دیش کے ڈھاکہ اور سری لنکا کے کولمبو میں بھی کورین ویزا درخواست مراکز شروع کیے گئے ہیں۔ نئی دہلی میں واقع نئے مرکز کا افتتاح منگل کو ہندوستان میں جمہوریہ کوریا کے سفیر لی سیونگ ہو نے کیا۔
وی ایف ایس گلوبل نے بتایا کہ وہ سال 2011 سے ہندوستان میں جمہوریہ کوریا کی حکومت کے لیے ویزا پروسیسنگ سے متعلق خدمات فراہم کر رہا ہے۔ نئے مرکز کے توسط سے درخواست گزاروں کو ویزا درخواست جمع کرانے کے لیے مزید آسان اور انفرادی سہولت دستیاب ہوگی۔ ڈھاکہ اور کولمبو میں مراکز شروع ہونے کے بعد جنوبی ایشیا میں وی ایف ایس گلوبل کے زیر اہتمام چلنے والے کورین ویزا درخواست مراکز کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔
اس موقع پر جمہوریہ کوریا کے سفیر لی سیونگ ہو نے کہا کہ نیا مرکز ہندوستان اور کوریا کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ اس کا مقصد درخواست گزاروں کو پرسکون، موثر اور آسان درخواست تجربہ فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین سفر کو آسان بنانے اور عوام کے درمیان وسیع تر تبادلے کو فروغ دینے کے لیے وی ایف ایس گلوبل کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی بات کہی۔
وی ایف ایس گلوبل کی چیف آپریٹنگ آفیسر برائے جنوبی ایشیا یمی تلوار نے کہا کہ تین ممالک میں چھ کورین ویزا درخواست مراکز تک پہنچنا جمہوریہ کوریا کے ساتھ کمپنی کی شراکت داری میں اہم کامیابی ہے۔ یہ پورے خطے میں کورین ویزا کی بڑھتی ہوئی مانگ کا بھی مظہر ہے۔ جدید سہولیات اور تربیت یافتہ ٹیموں کے ذریعے کمپنی درخواست عمل کو مزید سہل اور آسان بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
کمپنی کے مطابق، ویزا درخواست عمل میں اس کا کردار انتظامی کاموں تک ہی محدود ہے۔ اس میں درخواست فارم اور ضروری دستاویزات جمع کرنا اور بائیو میٹرکس درج کرنا شامل ہے۔ ویزا دینے یا مسترد کرنے کا فیصلہ متعلقہ سفارت خانے کا استحقاق اور مکمل ذمہ داری ہے۔ وی ایف ایس گلوبل کا اس میں کوئی کردار نہیں ہے۔
وی ایف ایس گلوبل کے مطابق وہ فی الحال 71 کلائنٹ حکومتوں کے لیے خدمات انجام دے رہی ہے اور 170 ممالک میں 4,200 سے زائد مراکز چلاتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن