
علی گڑھ, 30 اگست (ہ س)۔
غیر قانونی طور پر قیام کے الزام میں جیل میں بند 9 بنگلہ دیشی شہریوں سے ملاقات کے لیے بنگلہ دیشی افسران علی گڑھ آئیں گے۔ حکومت ہند کی وزارت خارجہ کی ہدایت پر ان شہریوں کو قونصلر رسائی فراہم کرنے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔ ان افسران کے 9 ستمبر تک علی گڑھ پہنچنے کا امکان ہے۔
اتر پردیش حکومت کے نائب سکریٹری اوم پرکاش چوہان نے 17 اگست کو ایس ایس پی علی گڑھ کو خط بھیج کر بنگلہ دیشی افسران کی آمد پر ضابطے کے مطابق سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ خط میں وزارت خارجہ کے 3 اگست کے مراسلے کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔
جیل میں بند افراد میں موبین، خالد، عبد الحق، امین الحق، روزینہ، محمد توفیق، محمد صابر، مقصود خان اور شاہین شامل ہیں۔ ان کی شہریت کی تصدیق کے لیے بنگلہ دیشی افسران کو قونصلر رسائی دی جائے گی۔
بنگلہ دیشی وفد میں مسواح الدین چودھری، منسٹر (کونسلر)، این ایس ایم او تاج الاسلام، فرسٹ سیکریٹری (سیاسی) اور روی شرما، کونسلر اسسٹنٹ شامل ہوں گے۔ قونصلر رسائی کے تحت متعلقہ ملک کے افسران اپنے شہریوں سے ملاقات کرکے ضروری معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ