
نئی دہلی، 26 اگست (ہ س)۔ آسٹریلیا کے تیز گیند باز مچل اسٹارک نے آئی سی سی مردوں کی ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں پہلی بار پہلا مقام حاصل کر لیا ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف میکے ٹیسٹ میں 10 وکٹیں لینے کے بعد اسٹارک نے بھارتی تیز گیند باز جسپریت بمراہ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
اسٹارک نے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں چھ وکٹیں اور دوسری اننگز میں چار وکٹیں حاصل کیں، جس کی بدولت آسٹریلیا نے اننگز اور 51 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ انہیں میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اسٹارک اب بمراہ سے 10 ریٹنگ پوائنٹس آگے ہیں۔
بمراہ کی نمبر-1 پر حالیہ حکمرانی دو ماہ تک رہی۔ تاہم، وہ مجموعی طور پر 697 دن تک ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں سرفہرست رہ چکے ہیں، جو کسی بھارتی گیند باز کے لیے سب سے زیادہ اور عالمی کرکٹ میں 14واں سب سے طویل عرصہ ہے۔
انگلینڈ کے اولی رابنسن کو بھی شاندار کارکردگی کا فائدہ ملا۔ پاکستان کے خلاف لیڈز ٹیسٹ میں آٹھ وکٹیں لینے والے رابنسن 15 درجے کی چھلانگ لگا کر 11ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ وہیں جوش ٹنگ نے 16 درجے کی چھلانگ لگا کر 17واں مقام حاصل کر لیا ہے۔
سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 10 وکٹیں لینے والے بھارت کے بائیں ہاتھ کے اسپنر مانَو سوتھار 28 درجے اوپر چڑھ کر کیریئر کی بہترین 48ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ سری لنکا کے اسیتھا فرنینڈو اور پربھات جے سوریہ بھی بالترتیب 15ویں اور 16ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔
آسٹریلیا کے ناتھن لیون 10ویں، پاکستان کے علی عثمان 67ویں، انگلینڈ کے جوفرا آرچر مشترکہ طور پر 38ویں، بھارت کے پرسدھ کرشنا 53ویں اور بنگلہ دیش کے شریف الاسلام 57ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔
ٹیسٹ بلے بازی کی رینکنگ میں انگلینڈ کے ہیری بروک نے سرفہرست مقام پر اپنی برتری مزید مضبوط کر لی ہے۔ بروک اب دوسرے نمبر پر موجود جو روٹ سے 24 ریٹنگ پوائنٹس آگے ہیں۔ بروک نے پاکستان کے خلاف 90 رنز، جبکہ روٹ نے 66 رنز بنائے تھے۔
بھارت کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت ایک سال بعد دوبارہ ٹاپ-10 میں واپس آ گئے ہیں۔ سری لنکا کے خلاف 39 اور 66 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد وہ چھ درجے کی چھلانگ لگا کر ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
آسٹریلیا کے کیمرون گرین 21ویں، سری لنکا کے دھننجایا ڈی سلوا 22ویں اور سونال دینوشا 49 درجے کی چھلانگ لگا کر 54ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان کے عبداللہ شفیق مشترکہ طور پر 27ویں، بھارت کے کے ایل راہل 30ویں اور دیودت پڈیکل 59ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد