
خستہ حال دیوار گرنے سے ٹین شیڈ میں سو رہے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد ملبے میں دبے
اوریا، 25 اگست (ہ س)۔ اترپردیش کے ضلع اوریا میں اجیت مل کوتوالی علاقے کے تحت واقع گاوں چھیتا پور میں پیر کی دیر رات ایک دردناک حادثہ پیش آیا۔ گھر کے آنگن میں ٹین شیڈ کے نیچے سو رہے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد، پڑوسی کے کچے مکان کی خستہ حال دیوار اچانک زمین بوس ہونے سے ملبے کے نیچے دب گئے۔ حادثے کے بعد جائے حادثہ پر چیخ و پکار مچ گئی۔ اہل خانہ اور گاوں والوں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
اطلاع ملنے پر پہنچی پولیس اور فائر فائٹرز نے گاوں والوں کی مدد سے تمام افراد کو ملبے سے باہر نکالا اور علاج کے لیے سی ایچ سی اجیت مل بھیجا۔ حادثے میں شدید زخمی ہونے والے دھیریندر سنگھ سینگر کو ڈاکٹروں نے ریفر کر دیا۔ گاوں چھیتا پور کے ساکن دھیریندر سنگھ سینگر پیر کی رات اپنی اہلیہ پریتی، بیٹیوں آرتی، انکیتا اور بیٹے انکش کے ہمراہ گھر کے صحن میں ٹین شیڈ کے نیچے سو رہے تھے۔ رات تقریباً سوا 12 بجے اچانک پڑوسی کے ایک منزلہ کچے مکان کی خستہ حال دیوار ٹین شیڈ کے اوپر گرگئی۔ دیوار گرتے ہی دھیریندر سنگھ سمیت خاندان کے پانچوں افراد ملبے میں دب گئے۔
حادثے کی آواز اور چیخ و پکار سن کر گھر کے باہر واقع کمرے میں سو رہے دھیریندر کے بڑے بھائی وپن اور ان کی اہلیہ پوجا فوراً موقع پر پہنچے۔ انہوں نے پڑوسیوں کو بلا کر ملبہ ہٹانے کی کوششیں شروع کیں اور پولیس کو مطلع کیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس سرکل آفیسر (سی او) منوج گنگوار، کوتوال ونود راجپوت، ہمراہی وکاس یادو اور سندر نیز فائر فائٹرز کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔ پولیس اور فائر فائٹرز نے گاوں والوں کی مدد سے ملبہ ہٹا کر دبے ہوئے تمام پانچ افراد کو بحفاظت باہر نکالا۔ تمام زخمیوں کو 108 ایمبولینس کے ذریعے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر (سی ایچ سی) اجیت مل پہنچایا گیا، جہاں ان کا علاج شروع کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے دھیریندر سنگھ کی تشویشناک حالت کے پیشِ نظر انہیں ریفر کر دیا۔
حادثے کے بعد اہل خانہ نے الزام لگایا کہ پڑوسی کے مکان کی خستہ حال کچی دیوار کو ہٹانے کے لیے متعلقہ افراد سے کئی بار کہا گیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ دو دن قبل بھی دیوار سے کچھ اینٹیں گری تھیں اور اس وقت بھی مکان کے باہر رہنے والے لوگوں کو دیوار کی خستہ حالی سے آگاہ کیا گیا تھا۔ اس کے باوجود دیوار کو نہیں ہٹایا گیا، جس کے نتیجے میں یہ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔
ریونیو لیکھ پال امت تیواری کے ہمراہ سی ایچ سی پہنچے نائب تحصیلدار اشوک کمار نے بتایا کہ معاملے کی جانچ کرائی جا رہی ہے۔ تفتیشی رپورٹ کی بنیاد پر سرکاری احکامات کے مطابق متاثرہ خاندان کو جو بھی جائز امداد ہوگی، وہ فراہم کی جائے گی۔ وہیں سی او منوج گنگوار نے کہا کہ معاملے کی تفصیلی جانچ کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن