
نئی دہلی، 24 اگست(ہ س)۔ کھیلوں کے قومی دن 2026 کے موقع پر نوجوانوں کی شمولیت کی ایک بڑی پہل 'کھیلو انڈیا ڈائیلاگ-کھیل کی بات، وزیر اعظم مودی کے ساتھ' 27 اگست کو منعقد کی جائے گی۔ اس تقریب میں وزیر اعظم مودی کا ایک ورچوئل خطاب بھی ہوگا اور ان کے خطاب کے بعد تمام منعقدہ مقامات پر بیک وقت تقریبات ہوں گی۔وزارت کھیل کے مطابق یہ پروگرام ملک بھر میں 150 سے زیادہ مقامات پر نوجوانوں، کھلاڑیوں اور تعلیمی اداروں کو اکٹھا کرے گا۔ یہ ملک گیر پہل نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے خیالات، تجاویز اور احساسات کا اشتراک کرنے کے لیے ایک براہ راست پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ اس تقریب میں آئی آئی ٹی، آئی آئی ایم، این آئی ٹی، ایمس، سرکردہ میڈیکل کالجوں اور یونیورسٹیوں سمیت کئی تعلیمی ادارے شرکت کریں گے۔اس پہل کی ایک اہم خصوصیت کھیلوں میں دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں اور ملک کے سرکردہ کھلاڑیوں اور تمغے جیتنے والوں کے درمیان براہ راست رابطہ قائم کرنا ہے۔ دیپا کرماکر، سائنا نہوال، گگن نارنگ، سریجیش، میری کوم، بائیچنگ بھوٹیا، گوپی چند، انجو بوبی جارج، کرنم ملیشوری، میرا بائی چانو اور پی ٹی اوشا جیسے ممتاز کھلاڑی نوجوانوں سے جڑیں گے اور اپنے کھیلوں کے سفر، چیلنجوں اور تجربات سے آگاہ کریں گے۔اس پہل میں ممبران پارلیمنٹ، ایم ایل اے، مرکزی وزراء ، وزرائے مملکت اور ریاستی وزیر کھیل بھی نوجوانوں سے رابطہ کریں گے اور چار طے شدہ موضوعات پر ان کے خیالات اور تجاویز حاصل کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی