سپریم کورٹ نے راجستھان کی جوجری ندی کے 100 میٹر کے دائرے میں تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی
نئی دہلی، 24 اگست (ہ س)۔ سپریم کورٹ نے راجستھان کی جوجری ندی کے کنارے سے 100 میٹر کے فاصلے تک تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ جسٹس وکرم ناتھ کی سربراہی والی بنچ نے کہا کہ ہائی فلڈ لائن اور ایکولوجیکل سیف زون کی حد بندی اور اس
سپریم کورٹ نے راجستھان کی جوجری ندی کے 100 میٹر کے دائرے میں تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی


نئی دہلی، 24 اگست (ہ س)۔

سپریم کورٹ نے راجستھان کی جوجری ندی کے کنارے سے 100 میٹر کے فاصلے تک تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ جسٹس وکرم ناتھ کی سربراہی والی بنچ نے کہا کہ ہائی فلڈ لائن اور ایکولوجیکل سیف زون کی حد بندی اور اس کے سائنسی تعین کا عمل مکمل ہونے تک جوجری ندی کے کنارے سے 100 میٹر کے فاصلے تک کسی بھی طرح کے تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں پر پابندی برقرار رہے گی۔

سپریم کورٹ نے اضافی احتیاطی اقدام کے طور پر جوجری ندی کی موجودہ فلڈ لائن سے 500 میٹر کے فاصلے تک کسی بھی خطرناک یا آلودگی پھیلانے والی صنعت کو چلانے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ اس سے قبل 29 مئی کو سپریم کورٹ نے جوجری ندی میں آلودگی کے معاملے پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے آلودگی کے ذمہ دار افسر کی جواب دہی طے کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے ریاست کے ڈی جی پی کو ایف آئی آر درج کرنے اور ایس آئی ٹی سے تحقیقات کرانے کی ہدایت دی تھی۔

سپریم کورٹ نے 17 نومبر 2025 کو جوجری ندی کی آلودگی دور کرنے کے معاملے میں راجستھان حکومت کو سخت پھٹکار لگائی تھی۔ عدالت نے سخت تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) کے حکم سے آگے بڑھ کر کچھ ٹھوس اقدامات کیے جائیں، کیونکہ زمینی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ عدالت نے کہا تھا کہ یہ ریاستی حکومت کی ناکامی ہے کہ صنعتوں سے نکلنے والی آلودگی اب بھی ندیوں میں جا رہی ہے۔ کئی برسوں سے معاملے کا نوٹس لیے جانے کے باوجود زمینی صورتحال بدتر ہوتی جا رہی ہے۔

عدالت نے اس بات کا بھی نوٹس لیا تھا کہ راجستھان اسٹیٹ انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اینڈ انویسٹمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (ریکو) کے علاوہ پالی، بالوترا اور جودھپور کے بلدیاتی اداروں نے این جی ٹی کے 2022 کے اس حکم کو چیلنج کیا ہے، جس میں جوجری ندی کی صفائی کا حکم دیا گیا تھا۔ عدالت نے راجستھان حکومت سے یہ بھی پوچھا تھا کہ وہ بتائے کہ کیا وہ این جی ٹی کے حکم کو چیلنج کرنے کے معاملے میں سنجیدہ ہے۔

جوجری ندی راجستھان کے ناگور ضلع کے پونڈلو گاو¿ں کے قریب سے نکلتی ہے اور جودھپور اور باڑمیر اضلاع سے گزرنے کے بعد لونی ندی میں جا ملتی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande