
گوہاٹی، 24 اگست (ہ س)۔ آسام کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر ہیمنت بسوا سرما نے نئی دہلی میں گزشتہ رات مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کرکے ریاست میں سیلاب کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور جاری راحت و امدادی کاموں سے انہیں آگاہ کیا۔
وزیراعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کے دوران آسام میں سیلاب کی صورتحال اور متاثرہ علاقوں میں جاری بازآبادکاری کے عمل کی تازہ پیش رفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ آسام سے متعلق دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ آسام میں سیلاب کے پورے دور کے دوران مرکزی وزیر داخلہ نے مسلسل ریاستی حکومت سے رابطہ برقرار رکھا اور صورتحال کی نگرانی کی۔ انہوں نے آئندہ بھی متاثرین کو معمول کی زندگی کی طرف واپس لانے کے لیے مرکزی حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ امت شاہ کے ساتھ ہونے والی ہر ملاقات کی طرح اس بار بھی انہوں نے تمام چھوٹے بڑے معاملات پر سنجیدگی سے توجہ دی۔ خاص طور پر ایک محفوظ اور مستحکم آسام کے لیے ان کی مسلسل وابستگی نے ریاستی حکومت کو مزید حوصلہ دیا ہے۔ہیمنت بسوا سرما نے مرکزی وزیر داخلہ کے قیمتی رہنمائی اور مسلسل مضبوط تعاون کے لیے ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan