
گولکنڈہ کے قدیم قطب شاہی قبرستان میں غیر قانونی کھدائی کے دوران سرنگ دریافت ہوئیحیدرآباد، 21 اگست (ہ س)۔
حیدرآباد کے تاریخی گولکنڈہ سے ایک اہم خبرسامنے آئی ہے، جہاں تقریباً 400 سال قدیم قطب شاہی قبرستان اوراس سے متصل کھیل کے میدان میں غیرقانونی کھدائی کے دوران ایک سرنگ دریافت ہونے کی اطلاع ہے۔ یہ معاملہ گولکنڈہ کے 18 سیڑھی علاقے کا ہے، جہاں تاریخی قطب شاہی قبرستان موجود ہے۔ اطلاعات کے مطابق، اس مقام پرآرمی حکام کی جانب سے کھدائی کی جارہی تھی، اسی دوران زیرِزمین ایک سرنگ یاراستہ نظرآیا۔ سرنگ کی اطلاع سامنے آنے کے بعد معاملے نے مزید توجہ حاصل کرلی ہے، کیونکہ حیدرآباد میں کئی دہائیوں سے ایک روایت مشہور ہے کہ گولکنڈہ قلعہ اور چارمینار کے درمیان ایک خفیہ زیرِ زمین راستہ موجود تھا۔
کہا جاتا ہے کہ قطب شاہی دورمیں شاہی خاندان کے افراد اس راستے کے ذریعے گولکنڈہ قلعہ سے شہرتک آمد و رفت کیا کرتے تھے۔ تاہم، اب تک اس خفیہ راستے کے وجود کا کوئی حتمی ثبوت سامنے نہیں آیا ہے۔ اس لیے 18سیڑھی میں دریافت ہونے والی سرنگ کو فی الحال گولکنڈہ قلعہ اور چارمینارکے درمیان موجود مشہورسرنگ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ دوسری جانب، اے آئی ایم آئی ایم کے صدر بیرسٹر اسدالدین اویسی کی ہدایت پر کاروان کے رکن اسمبلی کوثرمحی الدین نے اس معاملے پرفوری کارروائی کرتے ہوئے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا، یعنی اے ایس آئی کے سپرنٹنڈنٹ سے رابطہ کیا۔ رکن اسمبلی نے اے ایس آئی حکام کو مبینہ کھدائی اورسرنگ کی دریافت سے آگاہ کیا۔ اے ایس آئی نے بھی معاملے کا نوٹس لے لیا ہے اورکل جائے وقوعہ کا معائنہ کیا جائے گا۔ معائنے کے دوران یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جائے گی کہ وہاں کس نوعیت کی کھدائی کی گئی، کھدائی کتنے علاقے تک ہوئی، سرنگ کی لمبائی اور سمت کیا ہے،اورسب سے اہم بات یہ کہ یہ ڈھانچہ کتنی پراناہے۔ ماہرین یہ بھی جانچ کریں گے کہ آیا یہ سرنگ قطب شاہی دور کی کسی قدیم تعمیر کا حصہ ہے یا پھرحالیہ کھدائی کے دوران سامنے آنے والا کوئی ڈھانچہ ہے۔ اس معاملے کی اطلاع حیدرآباد کے کلکٹر،پولیس کمشنراورساؤتھ ویسٹ زون کے ڈی سی پی کو بھی دے دی گئی ہے۔ مزید کسی غیر مجاز سرگرمی کو روکنے کے لیے جائے وقوعہ پر پولیس پکیت تعینات کیے جانے کابھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اب سب کی نظریں اے ایس آئی کے معائنے پر ہیں، جس کے بعد ہی اس سرنگ کی اصل حقیقت اوراس کی تاریخی اہمیت کے بارے میں واضح طور پر کچھ کہا جا سکے گا۔ فی الحال اتنا ضرورہے کہ گولکنڈہ کے تاریخی مقام پرسرنگ کی دریافت نے حیدرآباد کی ایک پرانی تاریخی روایت کو ایک بار پھر موضوعِ بحث بنادیاہے۔
۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق