شیرِ پنجاب ٹی-20 لیگ کا آغاز: شبھمن گل، ارشدیپ سمیت کئی اسٹار کھلاڑی دکھائیں گے اپنا دم
۔ پی سی اے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں 30 اگست سے 13 ستمبر تک ہوگا انعقاد
شبھمن گل


نئی چنڈی گڑھ، 2 اگست (ہ س)۔ پنجاب کرکٹ کے لیے ایک نئی شروعات کرتے ہوئے شیرِ پنجاب ٹی-20 لیگ کا اتوار کے روز نیو چنڈی گڑھ واقع پی سی اے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شاندار افتتاح کیا گیا۔ پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت سنگھ مان کے تصور پر مبنی اس لیگ کا مقصد ریاست کے ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو پیشہ ورانہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

لیگ کا انعقاد 30 اگست سے 13 ستمبر تک کیا جائے گا۔ اس میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان شبھمن گل، تیز گیند باز ارشدیپ سنگھ، ابھشیک شرما، گرنور برار، پربھسمرن سنگھ اور رامندیپ سنگھ جیسے اسٹار کھلاڑی توجہ کا مرکز ہوں گے۔

لیگ کا افتتاح پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن (پی سی اے) کے سیکریٹری گرمیت سنگھ میت ہیئر اور صدر امرجیت سنگھ مہتا نے بھارتی کپتان شبھمن گل اور ارشدیپ سنگھ کی موجودگی میں کیا۔ اس موقع پر ٹورنامنٹ کا سرکاری لوگو بھی جاری کیا گیا۔

ٹورنامنٹ میں امرتسر، فاضلکا، جالندھر، لدھیانہ، موہالی اور بھٹنڈا کی چھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ راؤنڈ رابن فارمیٹ میں کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 27 میچز ہوں گے۔ ہر فرنچائز کے پاس ایک مارکی کھلاڑی اور کم از کم دو آئیکن کھلاڑی ہوں گے، جس سے بین الاقوامی ستاروں، ملکی کھلاڑیوں اور نوجوان صلاحیتوں کا متوازن امتزاج دیکھنے کو ملے گا۔

بھارتی کپتان شبھمن گل نے کہا کہ شیرِ پنجاب ٹی-20 لیگ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور پنجاب کے ساتھ ساتھ بھارتی ٹیم تک رسائی حاصل کرنے کا بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔

پی سی اے کے سیکریٹری گرمیت سنگھ میت ہیئر نے کہا کہ پنجاب ہمیشہ سے بھارتی کرکٹ کو بہترین کھلاڑی دیتا آیا ہے۔ لالا امرناتھ، یوراج سنگھ سے لے کر آج شبھمن گل، ارشدیپ سنگھ، پربھسمرن سنگھ اور ہرمن پریت کور جیسے کھلاڑیوں نے ریاست کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بھگونت سنگھ مان کی دور اندیشی پر مبنی اس پہل کے نتیجے میں شروع ہونے والی یہ لیگ ملک کے نمایاں گھریلو ٹی-20 مقابلوں میں شامل ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

پی سی اے کے صدر امرجیت سنگھ مہتا نے کہا کہ یہ لیگ نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی ستاروں کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے اور بڑے اسٹیج پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کرے گی، جس سے پنجاب کرکٹ کو نئی مضبوطی حاصل ہوگی۔

لیگ کے دوران 09 اگست کو کھلاڑیوں کی نیلامی منعقد کی جائے گی۔ ہر فرنچائز کے لیے 45 لاکھ روپے کا پرس مقرر کیا گیا ہے۔ مارکی کھلاڑی کی قیمت 10 لاکھ روپے، آئیکن کھلاڑی کی بنیادی قیمت 1.50 لاکھ روپے، پنجاب کے فرسٹ کلاس کھلاڑیوں کے لیے 1 لاکھ روپے، انڈر-23 کھلاڑیوں کے لیے 75 ہزار روپے، انڈر-19 کھلاڑیوں کے لیے 50 ہزار روپے جبکہ ضلعی سطح کے کھلاڑیوں کے لیے 20 ہزار روپے مقرر کیے گئے ہیں۔ ہر ٹیم میں زیادہ سے زیادہ 20 کھلاڑی شامل کیے جا سکیں گے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande