ڈی پی ایل سیزن- 3:پرانی دہلی6- کوپہلی فتح کی تلاش ،پیر کو ویسٹ دہلی لائنز سے ہوگا مقابلہ
نئی دہلی، 2 اگست(ہ س)۔ دہلی پریمیئر لیگ(ڈی پی ایل) سیزن3- میں پہلے میچ میں شکست کے بعد پرانی دہلی6- کی ٹیم پیر کو ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ویسٹ دہلی لائنز کے خلاف میدان میں اترے گی۔ ٹیم کی کوشش ہوگی کہ سیزن کی پہلی کامیابی حاصل کرتے ہوئے جیت کی راہ پ
ڈی پی ایل سیزن- 3:پرانی دہلی6- کوپہلی فتح کی تلاش ،پیر کو ویسٹ دہلی لائنز سے ہوگا مقابلہ


نئی دہلی، 2 اگست(ہ س)۔ دہلی پریمیئر لیگ(ڈی پی ایل) سیزن3- میں پہلے میچ میں شکست کے بعد پرانی دہلی6- کی ٹیم پیر کو ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ویسٹ دہلی لائنز کے خلاف میدان میں اترے گی۔ ٹیم کی کوشش ہوگی کہ سیزن کی پہلی کامیابی حاصل کرتے ہوئے جیت کی راہ پر واپس لوٹا جائے۔

افتتاحی میچ میں سینٹرل دہلی کنگز کے خلاف چار وکٹوں سے شکست کے باوجود پرانی دہلی6- کی کارکردگی میں کئی مثبت پہلو سامنے آئے، جن میں سب سے نمایاں کپتان انوج راوت کی شاندار ناقابلِ شکست سنچری رہی۔

میچ کے دوران جب ٹیم صرف 30 رنز پر تین وکٹیں گنوا چکی تھی، اس وقت انوج راوت نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے دیو لاکرا کے ساتھ 132 رنز کی اہم شراکت قائم کی، جس کی بدولت ٹیم نے مقررہ اوورز میں 202 رنز چار وکٹوں کے نقصان پر اسکور کیے۔تاہم سینٹرل دہلی کنگز نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 204 رنز چھ وکٹوں کے نقصان پر بنا کر ہدف حاصل کر لیا اور میچ اپنے نام کر لیا۔

اب پرانی دہلی6- کی نظریں ویسٹ دہلی لائنز کے خلاف سیزن کی پہلی فتح پر مرکوز ہیں، جبکہ ٹیم پہلے میچ کی مثبت کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے غلطیوں سے سبق سیکھنے کی کوشش کرے گی۔میچ سے قبل کپتان انوج راوت نے کہا کہ ٹیم نے پہلی شکست کو پیچھے چھوڑ کر پوری توجہ اگلے مقابلے پر مرکوز کر لی ہے۔انہوں نے کہا،’’ذاتی طور پر میں اپنی بیٹنگ سے خوش ہوں اور سنچری بنانا ہمیشہ ایک خاص احساس ہوتا ہے، لیکن اگر ٹیم میچ جیت جاتی تو خوشی اور بھی زیادہ ہوتی، کیونکہ آخرکار سب سے اہم چیز ٹیم کی کامیابی ہوتی ہے۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ میں اچھی فارم میں ہوں اور اگلے میچ میں بھی اسی تسلسل کو برقرار رکھنا چاہتا ہوں۔انوج راوت نے مزید کہا کہ ڈریسنگ روم کا ماحول انتہائی مثبت ہے اور تمام کھلاڑیوں کا ماننا ہے کہ پہلے میچ میں ٹیم نے مجموعی طور پر اچھا کرکٹ کھیلا۔

انہوں نے کہا، ’’ہم نے پہلے میچ سے بہت سی مثبت باتیں سیکھیں اور جن شعبوں میں بہتری کی ضرورت تھی، ان پر بھرپور کام کیا ہے۔ اب ہماری تمام توجہ ویسٹ دہلی لائنز کے خلاف میچ پر ہے۔ ہم ہر شعبے میں بہتر کھیل پیش کرنے، بے خوف کرکٹ کھیلنے اور سیزن کی پہلی فتح حاصل کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔‘‘

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande