
نئی دہلی، 16 اگست (ہ س)۔
بھلسوا ڈیری علاقے میں اپنی اہلیہ عظمیٰ کے قتل کے معاملے میں دو ماہ سے فرار ملزم کو روہنی ضلع پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کی شناخت بھلسوا ڈیری جھگی کے رہائشی سرور علی عرف راجو علی کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے اس کے قبضے سے ایک دیسی پستول اور ایک زندہ کارتوس برآمد کیا ہے۔ واردات کے بعد سے ہی ملزم فرار تھا اور اسے اشتہاری قرار دینے کی کارروائی بھی جاری تھی۔
پولیس کے مطابق، 6 جون کو بھلسوا ڈیری تھانہ کے علاقے میں عظمیٰ کا قتل کر دیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں بھلسوا ڈیری تھانے میں بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ 103(1) کے تحت ایف آئی آر نمبر 307/2026 درج کی گئی تھی۔ اس کیس میں سرور علی پولیس کو مطلوب تھا۔ واردات کے بعد سے وہ مسلسل اپنے ٹھکانے بدل کر پولیس کو چکمہ دے رہا تھا۔
پولیس افسر کے مطابق ایس ٹی ایف کو خفیہ اطلاع ملی کہ قتل کے معاملے میں مطلوب ملزم کے این کاٹجو مارگ تھانہ علاقے میں موجود ہے۔ اس کے بعد انسپکٹر امت دہیا کی قیادت میں ٹیم نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے اسے پکڑ لیا۔ تلاشی لینے پر ملزم کے پاس سے ایک غیر قانونی دیسی پستول اور ایک زندہ کارتوس برآمد ہوا۔ اسلحہ برآمد ہونے کے بعد کے این کاٹجو مارگ تھانے میں 14 اگست کو آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس کے مطابق، اسلحہ برآمد ہونے کے بعد تفتیش اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی گئی تو انکشاف ہوا کہ سرور علی اپنی اہلیہ کے قتل کے معاملے میں مطلوب ہے۔ پولیس اس کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی بھی شروع کر چکی تھی۔ ملزم کی گرفتاری کی اطلاع بھلسوا ڈیری تھانہ پولیس کو دے دی گئی ہے۔ اب پولیس ملزم کو قتل کے مقدمے میں ریمانڈ پر لے کر تفتیش کرے گی۔ قتل کی وجوہات، واردات میں استعمال ہونے والے ہتھیار اور فراری کے دوران اس کے ٹھکانوں کے بارے میں تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔ پولیس اس بات کا بھی پتہ لگا رہی ہے کہ روپوشی کے دوران کسی اور شخص نے اسے پناہ دینے یا پولیس سے بچنے میں مدد تو نہیں کی تھی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن