
لیڈ۔۔۔ وکست بھارت کے سب سے بڑے مستفیدین ملک کے نوجوان، دماغی نکسلیوں سے ہوشیار رہیں : وزیر اعظم
نئی دہلی، 15 اگست (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز لال قلعہ کی فصیل سے 2047 کے وکست بھارت (ترقی یافتہ ہندوستان) کے ہدف کو پورا کرنے کے لیے ترقی کی رفتار تیز کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس کے لیے ’سپت شکتی‘ کو بڑھانے پر زور دیا۔ سپت شکتی میں پیداوار، زراعت اور فوڈ پروسیسنگ، ٹیکنالوجی و اختراع، گتی شکتی (رفتار کی طاقت)، دفاعی شعبے میں خود انحصاری، ماحول دوست معیشت اور ہندوستان کی سافٹ پاور شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے دماغی نکسلیوں سے ہوشیار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کو وکست بھارت کے ہدف سے جوڑنا ضروری ہے۔ واضح رہے کہ ملک آج اپنا 80واں یومِ آزادی منا رہا ہے۔
اس دوران وزیر اعظم نے لال قلعہ کی فصیل سے قوم کے نام اپنے خطاب میں خوابوں کو عزم، عزم کو صلاحیت اور صلاحیت کو کامیابی میں بدلنے پر زور دیا۔ تقریباً سوا گھنٹے کی اپنی تقریر میں وزیر اعظم نے پچھلے 12 برسوں میں حکومت کی جانب سے حاصل کی گئی کامیابیوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے آتم نربھرتا (خود انحصاری) کی سمت میں کی جانے والی کوششوں کو سب سے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہی کے نتیجے میں ملک مغربی ایشیا جیسے بحران کے دوران بھی مستحکم رہا۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا عالمگیریت کے طلسم سے باہر نکل کر سپلائی چین کو ہتھیار بنا رہی ہے، ایسے میں ملک کا خود انحصار بننا اور بھی زیادہ ضروری ہو جاتا ہے۔ اسی سمت میں تیل اور معدنی ذخائر کی تلاش کے لیے حکومت نے 85 ہزار کروڑ روپے کے ساتھ ’سمندر منتھن‘ منصوبے کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوچ کی تنگی کے باعث ہی اب تک سمندر کے 99 فیصد حصے میں معدنیات کی تلاش پر غور ہی نہیں کیا گیا تھا۔
اس دوران وزیر اعظم نے اپوزیشن پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ مغربی ایشیا کے بحران کے وقت کچھ لوگ ملک کو ڈرانے میں مزہ لے رہے تھے، لیکن ملک نے دیکھ لیا کہ پچھلے 12-10 سالوں کی سوچی سمجھی منصوبابندیاں کام آ رہی ہیں۔ اسی کی بدولت ملک پیٹرول، ڈیزل اور یوریا کی کمی کے بحران سے محفوظ رہا۔ وزیر اعظم نے نوجوانوں کو 2047 کے وکست بھارت کے ہدف کا سب سے بڑا مستفید قرار دیا اور کہا کہ انہیں اس ہدف سے جوڑنا انتہائی ضروری ہے۔
وزیر اعظم نے ہم وطنوں، بالخصوص نوجوانوں سے دماغی نکسلیوں سے ہوشیار رہنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ دہائیوں تک اقتدار میں رہنے والے یہ دماغی نکسلی اب موقع کی تلاش میں ہیں اور انارکی کے نئے راستے تلاش کر رہے ہیں۔ یہ عناصر معاشرے کو غلط راہ پر دھکیلنے کے لیے طرح طرح کے داو پیچ آزما رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو قاتل نکسلیوں کے خاتمے میں کامیابی ملی ہے، اب دماغی نکسلیوں کی شناخت کر کے انہیں علیحدہ کرنے کی ضرورت ہے۔
مودی نے حکومت کی جانب سے بعض اعلانات بھی کیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک ایک سال میں ایک کروڑ نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کی تربیت فراہم کرے گا۔ 2036 کے اولمپکس کی تیاریوں کے لیے جن کھیلوں میں ہندوستان کی شراکت نہیں ہے، ان میں 5 سے 15 سال کی عمر کے بچوں کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام چلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ متعدد خاندانوں کو بچوں کے مسابقتی امتحانات کی کوچنگ پر خطیر رقم خرچ کرنی پڑتی ہے۔ ہندوستان اپنے ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کا استعمال کرتے ہوئے مختلف مسابقتی امتحانات کے لیے آن لائن کوچنگ کلاسز کا مکمل ڈھانچہ تیار کر کے طلبہ کو کوچنگ فراہم کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کی اندرونی سیکورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے شہریوں کو سول ڈیفنس کی تربیت دی جائے گی۔
اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے تمام سیاسی جماعتوں سے خواتین کو لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں 33 فیصد ریزرویشن دینے سے متعلق بل کو منظور کرانے میں تعاون کی اپیل کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے عوام سے آنے والی مردم شماری کے لیے وقت نکالنے اور تمام سوالات کے جوابات کے لیے تیار رہنے کو کہا۔ وزیر اعظم نے مختلف ممالک کے ساتھ ہوئے ہندوستان کے آزادانہ تجارتی اور دیگر معاہدوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی چھوٹی صنعتوں کو ان سے فائدہ اٹھا کر عالمی منڈی تک اپنی رسائی کو وسعت دینی چاہیے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن