
توانائی کی اہمیت بڑھی، ہندوستان کا 2047 تک 100 گیگا واٹ کا ہدف : وزیر اعظم مودی
نئی دہلی، 15 اگست (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے یومِ آزادی کی تقریب کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج توانائی کی اہمیت بڑھ گئی ہے، اس کے بغیر دنیا نہیں چل سکتی۔ ہمیں بڑی مقدار میں بجلی کی ضرورت ہے اور انرجی سیکورٹی ہمارے دور کی مانگ ہے۔ اس سمت میں مضبوط اقدامات کیے گئے ہیں۔ ہم نے پارلیمنٹ میں شانتی ایکٹ پاس کیا اور ہم 2047 تک 100 گیگا واٹ کا ہدف لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ’میک ان انڈیا‘، ’سودیشی‘ اور ’ووکل فار لوکل‘ کے ان تمام شعبوں سے آج ہر ہندوستانی کا دل جڑ رہا ہے۔ ملک آزاد ہونے کے بعد ہمارے یہاں سیمی کنڈکٹر کی باتیں تو ہوتی تھیں لیکن کوئی پلانٹ قائم نہیں ہوا۔ آج ہم چپ کی اہمیت کو سمجھتے ہیں، ہر شعبے میں چپ ضروری ہے اور چپ کے بغیر دنیا رک جائے گی۔ ہندوستان نے خود انحصار بننے کی سمت میں اپنا سیمی کنڈکٹر پلانٹ قائم کیا۔ تین پلانٹ شروع ہو چکے ہیں اور وہاں سے برآمدات (ایکسپورٹ) کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 12 سال میں دفاعی پیداوار (ڈیفنس پروڈکشن) 4 گنا ہو گئی ہے۔ کھادی و دیہی صنعتیں 5 گنا اور الیکٹرانک مینوفیکچرنگ 7 گنا ہوئی ہے۔ ریلوے کوچز کی تیاری 21 گنا بڑھ گئی ہے، جبکہ موبائل فون کی پیداوار میں 33 گنا اضافہ ہوا ہے۔ انٹرنیٹ صارفین کی تعداد 4 گنا بڑھی ہے اور ڈیجیٹل لین دین 100 گنا بڑھ چکا ہے۔ ہر سال اوسطاً 15 گنا زیادہ تیزی سے نل سے جل کے کنکشن دیے گئے، چھ گنا زیادہ تیز رفتاری سے گیس کے کنکشن فراہم کیے گئے اور ہر سال تین گنا زیادہ تیزی سے غریبوں کو مکانات دینے کا کام کیا گیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ آج ہندوستان نے پختہ عزم کے ساتھ ایک بہت بڑا خواب دیکھا ہے۔ وہ خواب یہ ہے کہ جب آزادی کے 100 سال مکمل ہوں گے تو 2047 میں ہم وکست بھارت بنا کر رہیں گے۔ جب دنیا کی سب سے بڑی آبادی والا ملک ترقی یافتہ بننے کا عزم کرتا ہے تو دنیا ہمارے تئیں اپنا نظریہ بدلنے پر مجبور ہو جاتی ہے۔ کوئی بھی ملک تب عظیم بنتا ہے جب وہ اپنے خوابوں کو شرمندۂ تعبیر کرتا ہے اور اپنے عزم و صلاحیت کے دم پر آگے بڑھتا ہے۔ ملک اب چھوٹے خوابوں سے چلنے والا نہیں ہے، بڑے خواب ہماری سوچ کو وسعت دیتے ہیں، اس لیے ہمارے عزائم پختہ ہونے چاہئیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن