امریکی ایف-35 بی اسٹیلتھ لڑاکا طیارہ کیلیفورنیا میں گر کر تباہ
کیلیفورنیا، یکم اگست (ہ س)۔ امریکہ کے کیلیفورنیا میں واقع میرین کور ایئر اسٹیشن میرامار میں جمعہ کے روز امریکی میرین کور کا ایک جدید ترین ایف -35بی اسٹیلتھ فائٹر جیٹ حادثے کا شکار ہوکر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ پائلٹ حادثے سے قبل بحفاظت باہر نکل گیا
CALIFORNIA-F35B-stealth-AMERICA-Fighter-Jet-Crashe


کیلیفورنیا، یکم اگست (ہ س)۔ امریکہ کے کیلیفورنیا میں واقع میرین کور ایئر اسٹیشن میرامار میں جمعہ کے روز امریکی میرین کور کا ایک جدید ترین ایف -35بی اسٹیلتھ فائٹر جیٹ حادثے کا شکار ہوکر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ پائلٹ حادثے سے قبل بحفاظت باہر نکل گیا۔

روس کے بین الاقوامی نیوز ٹیلی ویژن نیٹ ورک رشیا ٹوڈے ( آر ٹی) کے مطابق مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے کے قریب پیش آئے اس حادثے کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی ۔ ایمرجنسی سروسز اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ امریکی فوج نے اس واقعے کو ”کلاس اے“ کا حادثہ قرار دیا، جسے فوجی طیارے کے سنگین ترین حادثات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔

یو ایس میرین کور کے مطابق حادثے کا شکار ہوا طیارہ تھرڈ میرین ایئر کرافٹ ونگ کے میرین ایئر کرافٹ گروپ 11 کا حصہ تھا۔ پائلٹ کو احتیاط کے طور پر مقامی طبی مرکز لے جایا گیا جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ حکام کے مطابق، اسے سنگین یا جان لیوا زخم نہیں آئے ہیں۔

جائے وقوعہ سے ویڈیوز اور تصاویر میں طیارے کا ملبہ رن وے کے قریب جلتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ کالے دھوئیں کا ایک گہرا بادل دور سے دیکھا گیا۔ طیارے کے گرنے سے قریبی جھاڑیوں اور پودوں میں آگ لگ گئی ، جس سے سین ڈیاگو فائر ڈیپارٹمنٹ کو آگ بجھانے کے لیے آپریشن شروع کرنا پڑا۔ آگ پر قابو پانے کے لیے فائر ریٹارڈنٹ بھی استعمال کیے گئے۔ راحت کی بات یہ رہی کہ زمین پر موجود کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

حادثے کی وجہ ابھی تک نہیں بتائی گئی۔ امریکی فوج نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ایف -35بی پانچویں نسل کا، جدید ترین اسٹیلتھ جوائنٹ اسٹرائیک فائٹر ہے، جسے کم فاصلے سے پرواز بھرنے اور ورٹیکل لینڈنگ کی صلاحیتوں کے لیے جانا جاتا ہے۔ یہ بنیادی طور پر امریکی میرین کور کے ذریعہ چلایا جاتا ہے۔ اس طیارے کی قیمت تقریباً 109 ملین ڈالر (تقریباً 900 کروڑ روپے) بتائی جاتی ہے۔

قابل غور ہے کہ میرین کور ایئر اسٹیشن میرامار کبھی امریکی بحریہ کے مشہور ٹاپ گن فائٹر پائلٹ اسکول کا مرکز تھا اور اسے ”فائٹر ٹاو¿ن یو ایس اے “ کے نام سے جانا جاتا تھا۔ بیس کو 1996 میں میرین کور کے حوالے کیا گیا تھا۔

یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا جب عین ایک برس قبل 30 جولائی کو امریکی بحریہ کا ایف -35سی لڑاکا طیارہ نیول ایئر اسٹیشن لیمور، کیلیفورنیا کے قریب گر کر تباہ ہوا تھا۔اس حادثے میں پائلٹ بحفاظت باہر نکل گیا، لیکن طیارہ ایک کھیت میں گر کر تباہ ہو گیا اور شعلوں کی زدمیں آ گیا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande