
پونچھ کے سرحدی علاقے میں فوج نے زنگ آلود مارٹر گولے کو ناکارہ بنایا
جموں، 09 جولائی (ہ س)۔ ضلع پونچھ کے سرحدی گاؤں قصالیان میں جمعرات کے روز ایک زرعی کھیت سے پرانا اور پھٹنے سے رہ گیا مارٹر گولہ برآمد ہوا، جسے فوج کے بم ناکارہ بنانے والے دستے نے محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا دیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق گاؤں کے کسان مکئی کی فصل کی کٹائی کر رہے تھے کہ اس دوران انہیں کھیت میں ایک مشتبہ مارٹر گولہ نظر آیا۔
دیہاتیوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے ہاتھ لگانے کے بجائے فوراً فوج اور پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی فوج اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، علاقے کو حفاظتی حصار میں لے لیا گیا اور بم ناکارہ بنانے والے دستے نے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے مارٹر گولے کو کامیابی کے ساتھ ناکارہ بنا دیا۔
حکام نے بتایا کہ اس واقعے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ ابتدائی جانچ کے مطابق یہ مارٹر گولہ ماضی میں سرحد پار سے ہونے والی گولہ باری کا باقی ماندہ تھا۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر