
جموں, 26 جولائی (ہ س): ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار نے جموں ڈویژن کے تمام اضلاع میں حالیہ بارشوں سے ہوئے نقصانات اور جاری امدادی و بحالی کاموں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں بجلی، پانی، سڑکوں، صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ڈویژنل کمشنر نے بجلی کے تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرکے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی جلد بحال کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے متاثرہ خاندانوں میں مالی امداد کی تقسیم کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ امداد کی فراہمی کا عمل تیز کیا جائے تاکہ کوئی بھی مستحق خاندان امداد سے محروم نہ رہے۔
خطے میں29 اور 30 جولائی کو مزید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر ڈویژنل کمشنر نے تمام اضلاع میں غذائی اجناس، رسوئی گیس سلنڈروں اور روزمرہ استعمال کی دیگر ضروری اشیا کا وافر ذخیرہ پہلے سے یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
انہوں نے محکمہ صحت کو حساس علاقوں کے طبی مراکز میں ادویات کا مناسب ذخیرہ رکھنے اور کافی طبی عملہ تعینات کرنے کی ہدایت بھی دی۔
رمیش کمار نے مٹی کے تودے گرنے، پتھر گرنے یا دیگر نقصانات کے باعث بند سڑکوں کو جنگی بنیادوں پر بحال کرنے اور نکاسی آب کے نالوں و آبی گزرگاہوں کی فوری صفائی اور مرمت کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے غیر محفوظ یا متاثرہ اسکول عمارتوں کو مرمت مکمل ہونے تک استعمال نہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ چیف ایجوکیشن افسران کو شدید بارشوں کی صورت میں اسکولوں میں تعطیل کے بارے میں فوری فیصلہ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔
تمام زرعی افسران کو بارشوں سے فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ متاثرہ کسانوں کو مناسب امداد فراہم کی جا سکے۔
ڈویژنل کمشنر نے دریاؤں، ندی نالوں اور دیگر آبی گزرگاہوں میں پانی کی سطح پر مسلسل نظر رکھنے اور کسی بھی خطرے کی صورت میں لوگوں کو بروقت خبردار کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ موجودہ موسمی صورتحال سے پیدا ہونے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر