
تہران، 9 جولائی (ہ س)۔ انقلاب اسلامی کے رہبر معظم حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا آخری سفراس سے کچھ دیر بعد شروع ہونے والا ہے۔ عراق کے شہر نجف سے پرواز بھرنے والا ماہان ایئر کا ایک طیارہ خامنہ ای کا جسد خاکی لے کر کچھ دیر قبل ایران کے مقدس شہر مشہد پہنچا۔ مشہد میں جلوس کے بعد خامنہ ای کو ان کی خواہش کے مطابق یہاں مقدس درگاہ کے احاطے میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ مشہد علی خامنہ ای کا آبائی شہر ہے۔
ارنا نیوز ایجنسی نے اپنے ایکس ہینڈل پر مشہد کے ہاشمی نژاد ہوائی اڈے کی ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے۔ اس میں ماہان ایئر کی ایک فلائٹ کھڑی دکھائی دے رہی ہے۔ یہ پرواز علی خامنہ ای کے جسد خاکی کو لے کر نجف ایئرپورٹ سے یہاں پہنچی ہے۔ خامنہ ای کے جسد خاکی کو نجف اور کربلا میں رسومات کے بعد تدفین کے لیے ماہان ایئر کے خصوصی طیارے کے ذریعے ایران کے شہر مشہد لایا گیا۔ طیارے نے جمعرات کی صبح نجف ایئرپورٹ سے پرواز بھری۔مشہد میں امام رضا کی مقدس درگاہ کے احاطے میں ان کی آخری رسومات اور تدفین کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
جنازے کے منتظمین کے مطابق، مشہد میں جسد خاکی کی آمد میں کئی گھنٹے تاخیر ہوئی۔ کربلا میں سوگواروں کے ہجوم کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی، جس کی وجہ سے مشہد میں مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے شروع ہونے والا جلوس جنازہ دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔ نجف میں مرحوم رہنما کے جلوس جنازہ میں تقریباً 38لاکھ افراد نے شرکت کی۔ یہاں سے خامنہ ای کے جسد خاکی کو اربعین کے راستے کربلا لے جایا گیا۔ تہران اور قم میں تقریبات کے بعد عراق میں نماز جنازہ ادا کی گئی۔
عراق میں شیعہ عالم آیت اللہ علی السیستانی کے نمائندے شیخ عبدالمہدی الکربلائی نے نماز جنازہ پڑھائی۔ عراق میں بدھ کو عام تعطیل رہی ۔ آیت اللہ سید علی خامنہ ای 28 فروری کو ایک مربوط امریکی اور اسرائیلی فوجی آپریشن میں مارے گئے تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد