
واشنگٹن/نئی دہلی، 27 جولائی (ہ س)۔ ہندوستانی بحریہ کا تربیتی جہاز آئی این ایس سدرشنی امریکہ کے 250 ویں یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کے بعد پرتگال کے لیے روانہ ہو گیا۔ سدرشنی نے امریکہ کا ایک ماہ طویل دورہ مکمل کیا۔یہ دیسی ساختہ جہاز اپنے تاریخی ’لوکاین 2026‘ مشن کے تحت تقریباً 13,000 ناٹیکل میل کا فاصلہ طے کر کے امریکہ کے مشرقی ساحل پر پہنچا اور 4 جولائی کو امریکہ کے یوم آزادی کی مرکزی تقریب کے موقع پر ترنگا لہراتے ہوئے نیویارک میں اسٹیچو آف لبرٹی کے سامنے سے گزرا۔
ہندوستان کی وزارت دفاع نے 26 جولائی کو ایک بیان میں کہا کہ سدرشنی ’لوکاین 2026‘ کے تحت 25 جولائی کو امریکہ کے بوسٹن سے روانہ ہوئی۔ اپنے قیام کے دوران، جہاز نے باوقار سیل 250 تقریبات اور انٹرنیشنل نیول ریویو 250 میں فخر کے ساتھ ہندوستان کی نمائندگی کی، جس میں ہندوستان کے مالامال سمندری ورثے کی نمائش کی گئی اور پیشہ ورانہ اور ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے سمندری شراکت داری کو مضبوط کیا گیا۔
بیان کے مطابق، آئی این ایس سدرشنی نے نارفاک، بالٹی مور، نیویارک اور بوسٹن میں منعقدہ عالیشان ’پریڈ آف سیل‘ اور ا نٹرنیشنل نیول ریویو 250 میں شرکت کی، جس میں معزز مہمانان، ہندوستانی تارکین وطن کے ارکان اور بین الاقوامی بحری وفود کی میزبانی کی گئی ۔ اس کے ساتھ ہی بحری تعاون اور دوستی کے تئیں ہندوستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ آئی این ایس سدرشنی اب پرتگال کے آزورس میں پونٹا ڈیلگاڈا کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔ یہ جہاز عالمی سطح پر ہندوستان کی سمندری صلاحیت، پیشہ ورانہ مہارت اور خیر سگالی کی علامت بنا رہا ہے۔
گزشتہ4 جولائی کو یہ جہاز نیویارک میں اسٹیچو آف لبرٹی کے سامنے سے ترنگا لہراتا ہوا گزرا۔ ہندوستان میں امریکی سفارت خانے نے اس تاریخی لمحے کو واقعی ایک شاندار نظارہ قرار دیا۔ بوسٹن میں ہندوستانی قونصل جنرل کے مطابق، سدرشنی ایشیا اور بحر ہند کے وسیع علاقے سے اس باوقار عالمی ایونٹ میں شرکت کرنے والا واحد بحری جہاز ہے۔
لوکاین 2026 ہندوستانی بحریہ کی 10 ماہ طویل سمندری مہم ہے۔ اس کا آغاز 20 جنوری 2026 کو کوچی نیول بیس سے ہوا۔ آئی این ایس سدرشنی نے اس مہم میں حصہ لیا۔ اس مہم کے تحت سدرشنی ہندوستانی پرچم کو بلند کرتا ہوا 13 ممالک میں 18 غیر ملکی بندرگاہوں سے گزرے گا۔ان میں سے وہ کچھ ممالک کا دورہ مکمل کر چکا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد