
حیدرآباد ،4 جولائی (ہ س)۔ بھارت راشٹراسمیتھی (بی آرایس) کے ورکنگ پریزیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی کو ایک کھلاخط لکھا ہے۔ اس خط میں انہوں نے ریاست میں پولیس کانسٹیبل کے20,000 خالی عہدوں کوفوری طورپرپُرکرنے کا پرزورمطالبہ کیاہے،اورکانگریس حکومت پربے روزگارنوجوانوں سے کیے گئے وعدوں کو پورا نہ کرنے کا سنگین الزام لگایا ہے۔ ریاست بھر کے پولیس کانسٹیبل امیدواروں کی نمائندگی کرتے ہوئے، کے ٹی آرنے کہا کہ زیادہ ترامیدواروں کا تعلق غریب،متوسط طبقے اوردیہی خاندانوں سے ہے،جوانتہائی مشکل حالات میں حیدرآباد کے اندران بھرتی امتحانات کی تیاری کررہے ہیں۔ انہوں نے حکومت پرزوردیاکہ وہ ان نوجوانوں کی امیدوں کوپامال نہ کرے۔ کے ٹی آرنے یاددلایا کہ پانی، فنڈزاوربھرتیاں” تلنگانہ تحریک کا بنیادی نعرہ تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس حکومت نے خود تقریباً 17,000 خالی اسامیوں کی موجودگی کا اعتراف کرنے کے باوجود،پولیس بھرتیوں میں تاخیرکرکے نوجوانوں کے ساتھ شدید ناانصافی کی ہے۔ ان کاکہناتھاکہ وزیراعلیٰ اوردیگر وزراء نے باربارہزاروں پولیس پوسٹیں بھرنے کا وعدہ کیا لیکن عملی طور پر کچھ نہیں کیا۔سابقہ بی آرایس حکومت کی کارکردگی کاموازنہ کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیابی آرایس کے دورِحکومت میں پولیس کے شعبے میں47,000 بھرتیاں کی گئیں اورمجموعی طورپر2.32 لاکھ سرکاری عہدوں کے لیے نوٹیفیکیشن جاری کیے گئے، جن میں سے 1.60 لاکھ سے زائد آسامیاں پُر کی گئیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق