
ممبئی ، 4 جولائی (ہ س)۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ہفتہ کے روز ممبئی سمیت مہاراشٹر کے چھ اضلاع کے لیے 6 جولائی تک شدید بارش کا ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے، جبکہ ریاست کے کئی دیگر اضلاع کے لیے اورنج الرٹ بھی نافذ کیا گیا ہے۔ گزشتہ چار دنوں سے جاری موسلادھار بارش کے باعث ممبئی اور اطراف کے علاقوں میں معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں۔ سڑکوں اور ریلوے پٹریوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کی وارننگ کے بعد ایمرجنسی انتظامیہ نے تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 4 سے 6 جولائی کے دوران ممبئی، رائے گڑھ، تھانے، پالگھر، رتناگیری اور سندھودرگ اضلاع میں انتہائی شدید بارش کا امکان ہے۔ ریڈ الرٹ کے پیش نظر نوی ممبئی، تھانے، بھیونڈی، پالگھر، کلیان اور ڈومبیولی کے تمام اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ودربھ کے گونڈیا، یوت مال اور واشم اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے، جہاں ہلکی سے درمیانی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ممبئی میں مسلسل چوتھے روز بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ گزشتہ تین دنوں کی بارش کے باعث شہر کے متعدد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، جبکہ محکمہ موسمیات نے آج بھی کئی مقامات پر شدید سے انتہائی شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر میونسپل کارپوریشن، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، فائر بریگیڈ اور دیگر تمام ہنگامی خدمات کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتہائی ضرورت کے بغیر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور نشیبی علاقوں، ساحل سمندر اور دیگر خطرناک مقامات پر جانے سے گریز کریں۔پالگھر ضلع میں بھی گزشتہ کئی دنوں سے مسلسل بارش جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج اور کل کے لیے ضلع میں ریڈ الرٹ جاری کیا ہے، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے تمام اسکولوں، کالجوں اور آنگن واڑی مراکز میں تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ شدید بارش کے باعث ضلع کی ندیاں اور نہریں لبریز ہو چکی ہیں، جبکہ آج اور کل مزید موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو صرف ناگزیر ضرورت کی صورت میں ہی گھروں سے باہر نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔ادھر ممبئی میں جمعہ کی نصف شب ماٹونگا علاقے میں ایک بڑا درخت کئی کھڑی گاڑیوں پر گر پڑا۔ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم متعدد گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔ شہر کے مختلف نشیبی علاقوں میں پانی بھر جانے کے بعد میونسپل کارپوریشن کے عملے نے پمپوں کی مدد سے نکاسیٔ آب کا کام تیز کر دیا ہے، تاہم سڑکوں اور ریلوے پٹریوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک اور ریل خدمات متاثر رہیں، جس کا خمیازہ روزانہ سفر کرنے والے شہریوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔مسلسل بارش کے باعث کونکن کے رائے گڑھ اور رتناگیری اضلاع میں بھی معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔ رتناگیری میں دریاؤں کی سطحِ آب تیزی سے بڑھ رہی ہے، جس کے پیش نظر این ڈی آر ایف کی ٹیم، ریونیو حکام اور تحصیلدار پروین لوکرے ممکنہ خطرے والے علاقوں کا معائنہ کر رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے مکمل چوکسی اختیار کرتے ہوئے نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے