
علی گڑھ, 31 جولائی (ہ س)۔
محکمۂ ماہی پروری کی جانب سے ریاستی سیکٹر کی مختلف فلاحی و ترقیاتی اسکیموں کے تحت عوام سے آن لائن درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ اس مقصد کے لیے محکمہ کا پورٹل 5 اگست تک دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماہی پروری پرینکا آریہ نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ متسیہ سمپدا یوجنا، ماہی پروری کے لیے ایریشن سسٹم کی تنصیب، اتر پردیش متسیہ پالک ویلفیئر فنڈ کے تحت آئس باکس سمیت موپیڈ کی فراہمی، اندرونِ ملک کھارے پانی والے علاقوں میں نئے تالابوں کی تعمیر اور پہلے سال کی سرمایہ کاری، موتی کی افزائش (پرل کلچر) اور مخصوص نسل کی مچھلیوں کی ہیچری قائم کرنے جیسی اسکیموں کے لیے اہل افراد 5 اگست تک محکمہ کے پورٹل fisheries.up.gov.in پر آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہر اسکیم سے فائدہ حاصل کرنے کے لیے درخواست گزار کو ہر منصوبے کے لیے الگ الگ درخواست جمع کرانی ہوگی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ منصوبوں کی تفصیلات، یونٹ لاگت، درخواست دینے کا طریقہ، مطلوبہ دستاویزات اور دیگر معلومات محکمہ کے پورٹل پر دستیاب ہیں۔ اگر مستقبل میں کسی اسکیم میں ترمیم کی جاتی ہے تو نظرثانی شدہ ضوابط نافذ ہوں گے۔ گزشتہ برسوں میں مسترد یا زیرِ التوا درخواست دینے والے افراد بھی دوبارہ درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ اسکیموں سے متعلق مزید معلومات کے لیے خواہش مند افراد محکمۂ ماہی پروری کے ضلعی دفتر 4/9 جانسن کمپاؤنڈ، جیل روڈ، علی گڑھ سے کسی بھی سرکاری کام کے دن رابطہ کر سکتے ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ