حج 2027 کے لیے دہلی کے2706 عازمین کا انتخاب
پیشگی رقم 152300 جمع کرنے کی آخری تاریخ 10 اگست نئی دہلی 31 جولائی (ہ س)۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے حج بیت اللہ 2027 کے عازمین حج کے انتخاب کے لئے آن لائین قرعہ اندازی میں جہاں پورے ہندوستان سے تقریباً 122000عازمین حج کا انتخاب ہوا ہے وہیں
حج 2027 کے لیے دہلی کے2706 عازمین کا انتخاب


پیشگی رقم 152300 جمع کرنے کی آخری تاریخ 10 اگست

نئی دہلی 31 جولائی (ہ س)۔

حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے حج بیت اللہ 2027 کے عازمین حج کے انتخاب کے لئے آن لائین قرعہ اندازی میں جہاں پورے ہندوستان سے تقریباً 122000عازمین حج کا انتخاب ہوا ہے وہیں ریاست دہلی کے کل2706 حج امیدواروں کو مقدس سعادت حج بیت اللہ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ منتخب ہونے والے عازمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوے حج کمیٹی کی چیر پرسن کو ثر جہاں نے بتایا کہ دلی اسٹیٹ حج کمیٹی 2027 کے عازمین حج کو ہر طرح کی سہولیات بر وقت فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے آن لائن قرعہ اندازی کی تفصیلات پیش کرتے ہوے بتایا کہ آن لائن قرعہ اندازی کے عمل کے ذریعے حج 2027 کے لیے منتخب ہونے والے کے2706 عازمین حج میں مخصوص زمرہ 65 سال سے زیادہ عمر کے440 اور جبکہ 45 سال اور اس سے زیادہ کی بنا محرم خواتین کے زمرہ میں 34،بیک لاک کیٹیگری81 اور عمومی زمرہ میں 2151 عازمین کا انتخاب ہوا ہے۔ ان تمام عازمین کو اب آیندہ 10 اگست تک حج اخراجات کی پیشگی رقم 152300 روپے فی کس حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ پر آن لائن یا اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کے کسی بھی برانچ میں جمع کرانا لازمی ہے۔ پیشگی رقم متعینہ تاریخ تک نہ جمع کرانے کی صورت میں حج سیٹ منسوخ کی جا سکتی ہے۔

پیشگی رقم جمع کرنے کے بعد اپنے حج فارم کی پرنٹ کاپی پر دستخط کر کے اور سفید بیک گرانڈ کا رنگین فوٹوچسپاں کرکے، حلف نامہ، کینسل چیک،پاسپورٹ کی فوٹو کاپی اور، مقررہ پروفارمے میں میڈیکل سرٹیفکیٹ اور دیگر مطلوبہ دستاویزات منسلک کرکے حج کمیٹی کے دفتر، حج منزل میں جمع کرانا ضروری ہے لیکن اس کے لیے عازمین کو علاحدہ اطلاع دی جائیگی۔

واضح ہو کہ حج 2027 کے لیے دلی اسٹیٹ میں درخواست گزار عازمین کی تعداد5306 تھی جبکہ ریاست دلی کی مسلم آبادی کے تناسب میں دلی میں حج عازمین کا کوٹہ1241ہے۔منتخب ہونے والے کل 2706 عازمین میں 1465 عازمین کا انتخاب دیگر ریاستوں سے باقی ماندہ حج کوٹے سے ملنے والی سیٹو ں سے ہوا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Md Owais Owais


 rajesh pande