
سرینگر، 31 جولائی( ہ س)۔ سرینگر پولیس نے ایک عوامی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں کوآرپی اسکول، سری نگر کے حالیہ واقعے سے متعلق کسی بھی مواد کو پوسٹ کرنے، آگے بھیجنے یا گردش کرنے کے خلاف خبردارکیا، جس میں کہا گیا کہ متاثرہ ایک نابالغ ہے اورقانون کے تحت کسی بھی قسم کی شناخت یا حساس مواد کو ظاہرکرنا ممنوع ہے۔ پولیس ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پولیس کو مصدقہ اطلاع ملی ہے کہ کچھ لوگ آرپی اسکول سری نگر کے واقعے سے متعلق مواد کو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمزاورمیسجنگ ایپلی کیشنز پر پوسٹ، فارورڈ اورشیئر کر رہے ہیں۔ عوام الناس کو مطلع کیا جاتا ہے کہ واقعے میں ملوث متاثرہ ایک نابالغ ہے، اور قانون کے تحت کسی بھی معلومات یا دیگر مواد کی اشاعت یا شیئرکرنا سختی سے ممنوع ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی شخص اس طرح کے مواد کو شیئر کرتے ہوئے یا بصورت دیگر نابالغوں کی رازداری اور تحفظ سے متعلق قانونی دفعات کی خلاف ورزی کرتا ہوا پایا جائے گا، وہ مناسب قانونی کارروائی کا ذمہ دار ہوگا۔ عوام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اورغیرتصدیق شدہ، گمراہ کن یا حساس مواد کو آگے بڑھانے سے گریز کریں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ غلط معلومات، افواہوں یا قیاس آرائیوں کی گردش نہ صرف تفتیش میں رکاوٹ بنتی ہے بلکہ متاثرہ اور خاندان کے لیے غیر ضروری پریشانی کا باعث بھی بنتی ہے۔ سری نگر پولیس نے تمام شہریوں سے حساس مسائل کے درمیان ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ کسی بھی خلاف ورزی پر قانون کے تحت سختی سے نمٹا جائے گا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir