
جموں سرینگر قومی شاہراہ ادھم پور میں مرمتی کام کی وجہ سے آمدورفت کے لیے بند
جموں، 31 جولائی (ہ س)۔ جموں سری نگر قومی شاہراہ پر جمعہ کے روز شاہراہ پر کشادگی کا کام اور خطرناک مقامات سے ملبہ ہٹانے کے لیے گاڑیوں کی آمدورفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی۔ حکام کے مطابق شاہراہ پر ٹریفک کی معطلی کا فیصلہ امرناتھ یاترا کے تقریباً 1,600 یاتریوں کے قافلے کے جموں سے روانہ ہونے کے بعد کیا گیا، تاکہ ادھم پور سے بانہال کے درمیان سڑک کی کشادگی اور پہاڑی علاقوں میں لٹکتے ڈھیلے پتھروں اور ملبے کو محفوظ طریقے سے ہٹایا جا سکے۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ جکھینی (ادھم پور) سے نویوگ ٹنل (بانہال) تک ہر قسم کی گاڑیوں کی نقل و حرکت معطل رہے گی۔ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) کی درخواست پر ضلع انتظامیہ ادھم پور اور رام بن نے عوام اور مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر یہ اقدام اٹھایا ہے۔حکام نے بتایا کہ لدھا اور سمرولی کے علاقوں میں شاہراہ کو چوڑا کرنے کے علاوہ گنگرو اور کشتواڑی پتھر کے نزدیک پہاڑی سے گرنے کے خطرے والے ملبے کو بھی ہٹایا جا رہا ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق نگروٹہ سے سری نگر، ڈوڈہ، کشتواڑ، رام بن اور پتنی ٹاپ کی جانب کسی بھی گاڑی کو روانہ ہونے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ قاضی گنڈ سے جموں کی سمت بھی ٹریفک بند رہے گی۔تاہم کٹرا، ریاسی اور ادھم پور جانے والے مسافروں کو نگروٹہ سے گزرنے کی اجازت ہوگی، بشرطیکہ وہ اپنے ساتھ فوٹو شناختی کارڈ رکھیں تاکہ ان کی آمدورفت میں سہولت فراہم کی جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر