
ایوت محل میں اڈان ندی کے سیلابی ریلے میں کار بہہ گئی، خاتون اور دو بیٹیاں لاپتہ ،شوہر نے درخت کا سہارا لے کر جان بچائیایوت محل، 31 جولائی (ہ س)۔ ضلع ایوت محل کے داروہ تحصیل کے دہیلی گاؤں میں اڈان ندی پر واقع پل سے گزرتے وقت ایک ایرٹیگا کار سیلابی ریلے میں بہہ گئی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور ان کی دو بیٹیاں لاپتہ ہو گئی ہیں، جبکہ شوہر نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے درخت کا سہارا لے کر اپنی جان بچا لی۔ انتظامیہ کی جانب سے لاپتا افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔یہ حادثہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب تقریباً 12 بجے پیش آیا۔ حادثے کے وقت کار میں سوار اویناش کھنڈارے نے فوری فیصلہ کرتے ہوئے گاڑی کے دروازے کا شیشہ توڑ کر باہر نکلنے میں کامیابی حاصل کی اور قریب موجود ایک درخت کو پکڑ کر اپنی جان بچا لی، تاہم ان کی اہلیہ اور دونوں بیٹیاں سیلابی پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گئیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق اویناش کھنڈارے اپنے اہل خانہ کے ساتھ ایرٹیگا کار میں داروہ سے اپنے آبائی گاؤں جا رہے تھے۔ اسی دوران دہیلی گاؤں میں اڈان ندی کے پل پر شدید بارش کے باعث پانی تیزی سے بہہ رہا تھا۔ پانی کی گہرائی اور بہاؤ کا درست اندازہ نہ ہونے کے باعث گاڑی پل پر بند ہو گئی۔چند ہی لمحوں میں سیلابی پانی کے شدید بہاؤ نے گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ گاڑی الٹ گئی اور پل سے بہہ کر ندی میں جا گری۔اس حادثے میں مادھوی اویناش کھنڈارے، تیجو اویناش کھنڈارے اور پرانجلی اویناش کھنڈارے لاپتا ہیں۔ انتظامیہ، ریسکیو ٹیموں اور مقامی شہریوں کی مدد سے تینوں کی تلاش جاری ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی بڑی تعداد میں مقامی افراد جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ تاہم موسلادھار بارش اور ندی میں پانی کے تیز بہاؤ کے باعث ریسکیو آپریشن میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس کے باوجود انتظامیہ نے سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا ہے اور لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔ہندوستھان سماچار--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے