
نئی دہلی، 31 جولائی (ہ س)۔
مرکزی کابینہ نے جمعہ کو وزیراعظم کسان سمان ندھی (پی ایم کسان) اسکیم کو مالی سال 2030-31 تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقدہ کابینہ اجلاس میں اس تجویز کو منظوری دی گئی۔
مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے کابینہ کے فیصلوں کی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں پی ایم کسان اسکیم کو جاری رکھنے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس مدت کے دوران اسکیم کے لیے مجموعی طور پر 3.15 لاکھ کروڑ روپے کے مالیاتی اخراجات کی منظوری دی گئی ہے۔
اشونی ویشنو نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت اب تک کسانوں کے بینک کھاتوں میں ڈائریکٹ بینیفٹ ٹرانسفر (ڈی بی ٹی) کے ذریعے 4.47 لاکھ کروڑ روپے سے زائد کی رقم منتقل کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند کا ماننا ہے کہ اسکیم میں توسیع سے کسانوں کی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا، زرعی پیداوار بہتر ہوگی اور دیہی معیشت کو مزید تقویت ملے گی۔
پی ایم کسان اسکیم کا آغاز فروری 2019 میں کیا گیا تھا۔ اس کے تحت زمین کے مالک اہل کسان خاندانوں کو سالانہ 6,000 روپے کی مالی امداد فراہم کی جاتی ہے، جو تین مساوی قسطوں میں براہ راست ان کے بینک کھاتوں میں منتقل کی جاتی ہے۔ آدھار تصدیق، ڈیجیٹل ویریفکیشن اور مضبوط ڈی بی ٹی نظام کے ذریعے یہ اسکیم شفافیت، کارکردگی اور جوابدہی کی ایک نمایاں مثال بن کر سامنے آئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ