
نئی دہلی، 28 جولائی (ہ س)۔ممبر پارلیمنٹ اور کانگریس کے رہنما گورو گوگوئی نے پیپر لیک کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی تجویز پیش کرنے والے بل کے بارے میں منگل کو لوک سبھا میں اپوزیشن کی بحث کا آغاز کیا۔ ایم پی گورو گوگوئی نے کہا کہ تعلیمی نظام میں حقیقی اصلاحات نافذ کرنے کے بجائے حکومت محض قوانین میں ترمیم کر رہی ہے۔ نتیجتاً اپوزیشن طلبہ کے مطالبات اور منصفانہ امتحانی نظام کی حمایت میں کھڑی ہوگی۔
لوک سبھا میں عوامی امتحانات (غیر منصفانہ طریقوں کی روک تھام) ترمیمی بل 2026 پر بحث کے دوران انہوں نے دلیل دی کہ حکومت کو نئے قوانین متعارف کرانے کے بجائے امتحانی نظام میں موجود کمزوریوں کو دور کرنا چاہیے۔ گوگوئی نے نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے کام کاج پر بھی سوالات اٹھائے۔ ان کے مطابق احتساب کو یقینی بنائے بغیر امتحانی اداروں میں اصلاحات ممکن نہیں۔
گوگوئی نے کہا کہ امتحانات میں بے قاعدگیوں اور ناکامیوں کی وجہ سے طلبہ میں ذہنی تناو¿ بڑھ رہا ہے۔ حکومت کو محض سزاو¿ں میں اضافہ کرنے کے بجائے ایسے حالات کو ختم کرنا چاہیے جو ایماندار طلبہ کے مستقبل کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔
گوگوئی نے 'پیپر مافیا'، امتحانی مراکز، پرنٹنگ پریس، کوچنگ انسٹی ٹیوٹ، آو¿ٹ سورسنگ انتظامات اور امتحانات کے انعقاد میں خامیوں سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے لیے جامع اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ پہلے سے تشکیل دی گئی اعلیٰ سطحی کمیٹی کی سفارشات متوقع نتائج حاصل کرنے میں ناکام رہیں اور پیپر لیک ہونے کے واقعات دوبارہ رونما ہوئے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ 2024 میں، حکومت نے اسی طرح کی قانون سازی متعارف کرائی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس سے پیپر لیک ہونے کو مکمل طور پر روک دیا جائے گا، اس کے باوجود بڑے پیمانے پر امتحانی گھوٹالے دو سال کے اندر دوبارہ منظر عام پر آئے۔ انہوں نے دلیل دی کہ یہ واضح طور پر ظاہر کرتا ہے کہ محض جرمانے بڑھانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔
ان کے مطابق نظام تعلیم کا مقصد نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنا ہونا چاہیے۔ کسی بھی طالب علم کے لیے سڑکوں پر احتجاج کرنا آسان نہیں ہوتاہے۔ ایسا اسی وقت ہوتاہے جب طلبا میں بے اطمینانی اور مایوسی شدید ہوجاتی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس نے احتجاج کے دوران طاقت کا بے تحاشا استعمال کیا۔
گوگوئی نے مطالبہ کیا کہ حکومت - خاص طور پر وزارت داخلہ - پورے معاملے کے بارے میں ایوان میں واضح جواب فراہم کرے، خاص طور پر اس حکم کی نشاندہی کرے جس میں مظاہرین کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی