
شملہ، 28 جولائی (ہ س): ہماچل پردیش میں اورنج الرٹ کے دوران ہونے والی شدید بارش نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ ضلع چمبہ سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں زمین کے تودے کھسکنے اور اچانک آئے سیلاب کے باعث کئی مکانات متاثر ہوئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 140 ملی میٹر بارش ضلع چمبہ کے جوت علاقے میں ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ بلاسپور کے نینا دیوی میں 120 ملی میٹر، چمبہ کے چواڑی میں 110 ملی میٹر، منڈی کے کٹولا میں 90 ملی میٹر، مراری دیوی میں 80 ملی میٹر، کانگڑا کے گھمرورو اور شملہ میں 60 ملی میٹر، جبکہ بلاسپور کے براہمنی اور اونا میں 50 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔
دارالحکومت شملہ میں پیر کی دیر رات سے منگل کی صبح تک موسلادھار بارش ہوئی۔ کارٹ روڈ پر کانگریس دفتر کے سامنے زمین کے تودے کھسکنے کے باعث کچھ دیر کے لیے گاڑیوں کی آمدورفت متاثر رہی، تاہم کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ دن کے وقت بالوگنج-چکر روڈ پر ایک خشک درخت گرنے سے بھی ٹریفک کچھ دیر کے لیے متاثر رہی۔ بعد ازاں بارش رکنے سے لوگوں نے کچھ راحت محسوس کی۔
محکمہ موسمیات نے بدھ کے لیے چمبہ، کانگڑا، کلو، منڈی، شملہ، سرمور اور سولن اضلاع میں فلیش فلڈ کی وارننگ جاری کی ہے۔ محکمہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈ کے خطرے والے علاقوں میں جانے سے گریز کریں، دریاؤں اور ندی نالوں سے دور رہیں، زیرِ آب علاقوں سے بچیں، ٹریفک سے متعلق ہدایات پر عمل کریں اور موسم سے متعلق جاری ہدایات پر مسلسل نظر رکھیں۔
محکمہ موسمیات نے 29 اور 30 جولائی کو ریاست کے کئی اضلاع میں شدید سے انتہائی شدید بارش کے پیش نظر اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ 29 جولائی کو سرمور میں اورنج الرٹ جبکہ بلاسپور، کانگڑا اور منڈی میں ایلو الرٹ نافذ رہے گا۔ 30 جولائی کو بلاسپور، چمبہ، کانگڑا اور سرمور میں اورنج الرٹ رہے گا، جبکہ اونا، حمیرپور، کلو، منڈی، شملہ اور سولن میں ایلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ 31 جولائی کو چمبہ، کانگڑا، کلو، منڈی اور شملہ میں شدید بارش کے لیے ایلو الرٹ نافذ رہے گا۔ یکم اگست کو بھی چمبہ، کانگڑا، منڈی اور شملہ میں ایلو الرٹ برقرار رہے گا۔
بارش کا سب سے زیادہ اثر ضلع چمبہ میں دیکھا گیا، جہاں کئی مقامات پر سیلاب جیسے حالات پیدا ہو گئے۔ چمبہ شہر کے سلطان پور محلے میں کئی گھروں اور دکانوں میں پانی اور ملبہ داخل ہو گیا۔
ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی منگل کی شام تک جاری رپورٹ کے مطابق زمین کے تودے کھسکنے کے باعث ریاست بھر میں 179 سڑکیں بند ہیں، جن میں سب سے زیادہ 58 سڑکیں ضلع منڈی میں متاثر ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ 107 پینے کے پانی کی اسکیمیں بھی بند پڑی ہیں، جن میں چمبہ کی 50، سرمور کی 26 اور ہمیرپور کی 23 اسکیمیں شامل ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد