
ٹوکیو، 28 جولائی (ہ س)۔ جاپان کے جزیرۂ کیوشو کے کُوما موتو علاقے میں منگل کے روز 7.1 شدت کا زلزلہ آیا۔ اس کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے۔
جاپان کی محکمۂ موسمیات (جے ایم اے) کے مطابق، مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 27 منٹ پر آنے والے اس زلزلے کا مرکز کُوما موتو پریفیکچر میں زمین کی سطح سے تقریباً 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔ جے ایم اے نے ایک میٹر تک بلند سونامی کی لہریں اٹھنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، جزیرۂ کیوشو کے وسط میں واقع اس پریفیکچر میں آنے والے زلزلے کی شدت جاپانی زلزلہ پیما شدت کے پیمانے پر اُوکی اور ہیکاوا علاقوں میں زیادہ سے زیادہ 7 جبکہ قریبی علاقوں میں 6 سے زائد ریکارڈ کی گئی۔
مقامی فائر بریگیڈ اور بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے مطابق، زلزلے کے باعث متعدد افراد کے زخمی ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ پریفیکچر میں تقریباً 48 ہزار گھروں کی بجلی منقطع ہو گئی۔ پڑوسی کاگوشیما پریفیکچر میں بھی زلزلے کی شدت 5 سے زائد ریکارڈ کی گئی، جبکہ فوکوؤکا اور ساگا پریفیکچرز میں شدت 5 سے کم رہی۔
کیوشو الیکٹرک پاور کے مطابق، کاگوشیما پریفیکچر کے سینڈائی جوہری بجلی گھر یا ساگا پریفیکچر کے گینکائی جوہری بجلی گھر میں کسی بھی قسم کی خرابی کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
سونامی کی وارننگ کے بعد مقامی انتظامیہ نے متاثرہ ساحلی علاقوں میں فوری انخلا کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ اریاکے اور یاتسوشیرو سمندروں کے لیے ایڈوائزری بھی جاری کی گئی ہے۔ مقامی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سمندر اور ساحلی علاقے خطرناک ہیں، اس لیے فوری طور پر ساحل سے دور محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ جب تک ایڈوائزری واپس نہ لے لی جائے، نہ سمندر میں جائیں اور نہ ہی ساحل کے قریب جائیں۔
جے ایم اے کے مطابق، کُوما موتو، ناگاساکی، کاگوشیما، فوکوؤکا، ساگا، اوئیتا اور میازاکی پریفیکچرز میں ہنگامی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پرسکون رہیں، مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی تازہ معلومات پر نظر رکھیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد