
علی گڑھ، 27 جولائی (ہ س)۔ عیدگاہ کمیٹی، درگاہ شاہ جمال کمیٹی اور وقف نمبر 63 قبرستان کمیٹی کے ایک وفد نے اتر پردیش قانون ساز کونسل کے رکن اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد نے نئی عیدگاہ، پرانی عیدگاہ اور درگاہ شاہ جمال پر ہائی ماسک لائٹیں نصب کرانے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں شال اوڑھا کر اور گلدستہ پیش کرکے اعزاز سے نوازا۔ عیدگاہ کمیٹی کے صدر مسعود خان نے انہیں یادگاری تحفہ (تالا) بھی پیش کیا۔
وفد نے اس موقع پر شاہ جمال اے ڈی اے کالونی میں عرصۂ دراز سے جاری پانی جمع ہونے کی پریشانی کے مسئلے کو بھی ان کے سامنے رکھا۔ پروفیسر طارق منصور نے بتایا کہ اس سلسلے میں انہوں نے میونسپل کمشنر سے بات کی ہے اور متعلقہ حکام کو جلد از جلد مسئلے کے حل کی ہدایت دی گئی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ علاقے میں پانی کی نکاسی کو بہتر بنانے کے لیے دوگنی گنجائش والے نئے پمپنگ اسٹیشن کے قیام کی کارروائی بھی تیز کی جائے گی۔پروفیسر طارق منصور نے اس موقع پر کہا کہ صاف نیت سے شروع کیے جانے والے کام ضرور پایۂ تکمیل تک پہنچتے ہیں۔ ہماری حکومت کا عزم 'سب کا ساتھ، سب کا وکاس' ہے اور اسی جذبے کے ساتھ عوامی خدمت انجام دی جا رہی ہے۔ شاہ جمال کے عوام نے جن مسائل کی نشاندہی کی ہے، ان کے مستقل حل کے لیے کوششوں کو مزید تیز کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ چند روز قبل انہوں نے شاہ جمال علاقے کا دورہ کرکے وہاں کے مسائل کا قریب سے جائزہ لیا تھا اور عوام سے جو وعدے کیے تھے، ان پر عمل درآمد کا آغاز بھی ہو چکا ہے۔ اسی سلسلے میں علاقے کو اندھیرے سے نجات دلانے کے لیے نئی عیدگاہ، پرانی عیدگاہ اور درگاہ شاہ جمال پر ہائی ماسک لائٹیں نصب کرائی گئی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لیے بھی متعلقہ محکموں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے گا۔
اس موقع پر موجود نمائندگان نے کہا کہ پروفیسر طارق منصور نے علاقے کے دورے کے دوران جو وعدے کیے تھے، ان پر عمل کرتے ہوئے سب سے پہلے روشنی کا انتظام کرایا، جس سے مقامی باشندوں میں خوشی اور اطمینان کی لہر دوڑ گئی۔ اسی پر اظہارِ تشکر کے لیے آج مختلف کمیٹیوں کے ذمہ داران نے ان سے ملاقات کی۔ملاقات کرنے والوں میں عیدگاہ کمیٹی کے صدر مسعود خان، ماسٹر عبدالحفیظ انصاری، ایڈووکیٹ ضیاء الرَّب، وقف نمبر 63 کے سکریٹری معین الدین، درگاہ شاہ جمال کے سجادہ نشین نوید اقبال، حاجی سہیل، حاجی شکیل، کامران گڈو اور دیگر معززین شامل تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ