
علی گڑھ, 27 جولائی (ہ س)۔
آل انڈیا مسلم ایجوکیشنل کانفرنس کی مجلس منتظمہ کا سالانہ جلسہ صدر دفتر سلطان جہاں منزل شمشاد مارکیٹ میں منعقدکیا گیا جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے کانفرنس کی نائب صدر اور صدر جلسہ معروف ماہر تعلیم پروفیسر ذکیہ اطہر صدیقی نے کہا کہ سر سید احمد خاں نے تعلیم کو قوم کی فکری بیداری، سماجی ترقی اور خود اعتمادی کی بنیاد قرار دیا تھا۔ آج جب تعلیم کا نظام نئے چیلنجز سے دوچار ہے، ایسے میں سر سید کے تعلیمی نظریات، سائنسی فکر، تحقیق کے جذبے اور اخلاقی اقدار کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت بن گیا ہے۔انھوں نے نومنتخب ممبران مسلم یونیورسٹی کورٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ جملہ ممبران مسلم یونیورسٹی کورٹ میں کانفرنس کی نمائندگی کا حق ادا کریں گے اور یونیورسٹی کی تعمیرو ترقی میں نمایاں کردار ادا کریں گے،پروفیسرذکیہ اطہر صدیقی نے کہا کہ پروفیسر رضاء اللہ خاں نے کانفرنس کی تزئین کاری میں جو نمایاں خدمات انجام دی ہیں اسکی جتنی ستائش کی جائے کم ہے۔
آنریری جنرل سیکرٹری پروفیسر رضا اللہ خان نے سبھی شرکا کا خیر مقدم کرتے ہوئے سالانہ بجٹ 2026.27 پیش کیا ساتھ ہی آڈٹ رپورٹ برائے سا ل2025-26 بھی پیش کی جس کو اتفاق رائے سے منظور کیا گیا،پروفیسر رضاء اللہ خاں نے کہاسر سید احمد خاں کا تعلیمی مشن آج بھی ہماری رہنمائی کرتا ہے۔ انہوں نے قوم کو یہ پیغام دیا کہ ترقی کا راستہ جدید تعلیم، تحقیق، سائنسی فکر اور مثبت سوچ سے ہو کر گزرتا ہے۔ موجودہ دور میں ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سر سید کی تعلیمات کو نئی نسل تک مؤثر انداز میں پہنچائیں۔ پروفیسر امان اللہ خان نے سلطان جہاں بلڈنگ کے رینو ویشن کے جاری کام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ کام ابھی کافی ہے اس کام مین تمام ممبران کو تعاون کرنا چاہیے اور اپنے وسائل سے دیگر حضرات کو اس طرف متوجہ کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ رکن مجلس منتظمہ اور مسلم یونیورسٹی کورٹ کے رکن منور حاذق اور سید احمد فیصل نے کانفرنس کے تزئین کاری کام کی ستائش کرتے ہوئے آنریری سیکریٹری کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر پروفیسر ذکیہ اطہر صدیقی، پروفیسر رضاء اللہ خاں، پروفیسر صبغت اللہ فاروقی،خورشید احمد خاں، اسد یار خاں، محمد احمد شیون،پروفیسر محمد امان اللہ خاں، جاوید سعید،منور حاذق،پروفیسر امتیاز علی خاں،نورالکریم خاں، ڈاکٹر کلیم الرحمن خاں، سید احمد فیصل، طارق احمد خاں موجود رہے۔جلسہ کا آغاز پروفیسر محمد امان اللہ خاں کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اور جوائنٹ سیکریٹری اسد یار خاں کے شکریہ پر اختتام پزیر ہوا۔۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ