جرمنی: مکان کی چھت پر نجی طیارہ گرا، دو افراد ہلاک
برلن، 26 جولائی (ہ س)۔ جرمنی کے شمال مغربی حصے میں ہفتے کے روز ایک چھوٹا نجی طیارہ رہائشی علاقے میں ایک مکان کی چھت پر گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں طیارے میں سوار دو افراد کی موت ہو گئی۔ مقامی پولیس نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ معاملے کی جا
جرمنی: مکان کی چھت پر نجی طیارہ گرا، دو افراد ہلاک


برلن، 26 جولائی (ہ س)۔ جرمنی کے شمال مغربی حصے میں ہفتے کے روز ایک چھوٹا نجی طیارہ رہائشی علاقے میں ایک مکان کی چھت پر گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں طیارے میں سوار دو افراد کی موت ہو گئی۔ مقامی پولیس نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ معاملے کی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق، یہ ہلکا طیارہ گینڈر کسے علاقے میں حادثے کا شکار ہوا، جو اولڈن برگ کے قریب واقع ہے۔ طیارہ براہِ راست ایک مکان کی ڈھلوان چھت سے ٹکرایا، جس سے وہ چھت میں دھنس گیا۔

ابتدائی معلومات میں پولیس نے بتایا تھا کہ طیارے میں سوار دو افراد میں سے ایک شخص کی موت ہو گئی ہے، جبکہ دوسرا لاپتہ ہے۔ بعد میں ملبہ ہٹانے کے لیے چلائی گئی طویل اور پیچیدہ مہم کے بعد تصدیق ہوئی کہ دونوں مسافروں کی حادثے میں موت ہو چکی ہے۔ متوفیان کی عمریں 65 سال اور 77 سال بتائی گئی ہیں نیز دونوں جرمنی کے شہر بریمن کے ساکن تھے۔

حادثے کے بعد احتیاط کے طور پر آس پاس کے مکانات کو خالی کرایا گیا تھا۔ ملبہ ہٹانے کا کام مکمل ہونے کے بعد مقامی باشندوں کو محفوظ طریقے سے اپنے گھروں میں لوٹنے کی اجازت دے دی گئی۔

حکام نے طیارہ حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے باضابطہ جانچ شروع کر دی ہے۔ فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ حادثہ تکنیکی خرابی، موسم کی خرابی یا کسی اور وجہ سے ہوا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande