
نئی دہلی، 26 جولائی (ہ س) ۔لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے اتوار کو وزیر داخلہ اورکوآپریٹو امت شاہ کو ایک خط لکھا۔ خط میں، انہوں نے پرامن طلباءکے احتجاج کے دوران طلباءپر ہونے والی مبینہ بربریت کے بارے میں جواب طلب کیا۔
راہل گاندھی نے 'ایکس ' (سابقہ ٹویٹر) پر خط شیئر کیا۔ ہمارے طلباءمنصفانہ اور جوابدہ تعلیمی نظام کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ان کی بات سننے کے بجائے، سیکورٹی فورسز نے ان کے خلاف اندھا دھند طاقت کا استعمال کیا، جس میں مہلک ہتھیاروں اور آنسو گیس کا استعمال بھی شامل تھا۔ سینکڑوں لوگ شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ سب سے چونکا دینے والا پہلو پیلٹ گن کا استعمال تھا۔ میڈیا اور سوشل میڈیا رپورٹس میں واضح طور پر ایسے افراد کو دکھایا گیا ہے جس میں ایک صحافی سمیت متعدد افرادشدید زخمی ہوئے ہیں۔ میں نے 19 سالہ طالب علم ساحل لوچب سے ملاقات کی، جو پیلٹ گن کی چوٹ کی وجہ سے شدید تکلیف میں ہے اوران کی ایک آنکھ کی بینائی خطرے میں ہے۔
دہلی میں تعینات سیکورٹی فورسز بالآخر آپ کو جوابدہ ہیں۔ اس لیے، میں وزیر داخلہ کی حیثیت سے آپ سے دو سوال پوچھتا ہوں، کیا آپ نے طالب علموں کے خلاف بشمول پیلٹ گنزمہلک طاقت کے استعمال کی اجازت دی تھی؟ اگر نہیں تو کس نے کیا؟ سادہ لباس میں طالب علموں کو ڈنڈوں سے مارتے نظر آنے والے افراد کے بارے میں- کیا وہ پولیس اہلکار تھے یا رضاکار؟ ان کی تعیناتی کا اختیار کس نے دیا؟
انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج کسی بھی جمہوریت کے لیے ضروری ہے۔ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مظاہرین کے تحفظ کو یقینی بنائے اور بات چیت کے ذریعے ان کی شکایات کا ازالہ کرے۔ اس طرح کا وحشیانہ تشدد تمام اصولوں کی خلاف ورزی ہے جس نے قوم کو مشتعل کر دیا ہے۔ نوجوان اور طلباء، جو ملک کے مستقبل کی نمائندگی کرتے ہیں، جواب اور احتساب کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ان کی آواز سنی جانی چاہیے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی