
بہرائچ سے پنجاب جا رہی ڈبل ڈیکر بس کے ڈرائیور کو نیندآگئی تھی -حادثہ ضلع سنبھل کے بہجوئی تھانہ علاقے میں پیش آیا
سنبھل، 26 جولائی (ہ س)۔ اتر پردیش کے سنبھل ضلع کے بہجوئی کوتوالی علاقے میں گنگا ایکسپریس وے پر اتوار کی صبح ایک بڑا سڑک حادثہ پیش آیا۔ بہرائچ سے پنجاب جانے والی ڈبل ڈیکر بس کے ڈرائیور کو نیند آنے کی وجہ سے بس بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ حادثے میں دو مسافروں کی موت ہو گئی، جب کہ 25 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ بس میں تقریباً 150 مسافر سوار تھے۔ اطلاع ملتے ہی یوپی ڈی اے، پولیس اور 108 ایمبولینس موقع پر پہنچ گئی اور راحت اور بچاو کام شروع کیا۔
حادثہ اتوار کی صبح چھ بجے کے قریب تحصیل چندوسی کے بہجوئی تھانہ علاقے میں لہراون انٹرچینج کے قریب126/400 کلومیٹر پر پیش آیا۔ تیز رفتار بس اچانک بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی اور پھر الٹ گئی۔ حادثے کے بعد مسافروں میں چیخ وپکار مچ گئی ۔ ڈاکٹروں نے بہرائچ کی نیہا (17) اور گونڈہ کے پنٹو (36) کو اسپتال پہنچنے پر مردہ قرار دیدیا۔ زخمیوں میں سریندر کمار، مننالال، انیتا، اروند، شوبھت، گڈو، پونم، گیتا، رومانا، رما دیوی، ستو، پنکج، وپن، رشبھ سنگھ، مہیش، دنیش، چھوٹو اور کئی دیگر مسافر شامل ہیں۔ سبھی کو بہجوئی کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔ کچھ شدید زخمی مسافروں کو اعلیٰ طبی اداروں میں ریفر کیا جا رہا ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی یو پی ڈی اے کی ٹیم، پولیس اور 108 ایمبولینس جائے وقوعہ پر پہنچی۔ راحت اور امدادی کارروائیوں کے دوران زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بعد ازاں کرین کی مدد سے حادثے کا شکار بس کو ہائی وے سے ہٹا دیا گیا جس سے ٹریفک معمول پر آ گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سی ایم او ڈاکٹر ترون پاٹھک اور اے ایس پی منوج راوت بہجوئی سی ایچ سی پہنچے۔ انہوں نے زخمیوں سے ملاقات کی، واقعہ کے بارے میں دریافت کیا اور ڈاکٹروں کو بہترین علاج فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
زخمیوں کے بارے میں، سی ایم او سنبھل، ڈاکٹر ترون پاٹھک نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ حادثہ بس ڈرائیور کے سو جانے کی وجہ سے پیش آیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دو افراد کی موت ہو چکی ہے، جب کہ 20 سے 25 زخمی مسافر اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی