
گوہاٹی، 26 جولائی (ہ س)۔ آسام کے وزیر جنگلات جینتا ملا بروا نے آج سوشل میڈیا 'ایکس' پر معلومات شیئر کی ہیں کہ آسام کے محکمہ جنگلات کی 26 رکنی ٹیم، جن سے دیما ہساو-کاربی انگلونگ اور پڑوسی ناگالینڈ کی سرحد کے دور دراز جنگلات میں گشت کرتے وقت رابطہ منقطع ہوگیا تھا، مل گئی ہے اور وہ محفوظ ہے۔
اس ٹیم میں لانگٹنگ، منڈیرڈیسا، ہاتھی کھولا اور مائی بونگ جنگلاتی حدود کے 23 جنگلات کے اہلکار اور تین دیگر عملے کے ارکان شامل تھے۔ ان کا اپنے مرکزی دفتر سے گشت اور گھنے جنگلاتی علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران موبائل نیٹ ورک کی ناقص کوریج کی وجہ سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
تقریباً دو دن تک کوئی رابطہ نہ ہونے کے بعد، محکمہ جنگلات، آسام پولیس اور ضلع انتظامیہ نے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی، جس میں ڈرون نگرانی اور سینئر انڈین فاریسٹ سروس (آئی ایف ایس) ٹیم کی مدد شامل ہے۔
اس واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے، بروا نے کہا کہ یہ جنگلات کے اہلکاروں کو درپیش ان بے پناہ چیلنجوں کی یاد ددلاتی ہے جو جنگلات، جنگلی حیات اور قدرتی ورثے کے تحفظ کے لیے ریاست کے انتہائی ناقابل رسائی اور دشوار گزار علاقوں میں انتھک محنت کرتے ہیں۔
وزیر موصوف نے کامیاب تلاشی مہم میں شامل تمام ایجنسیوں کا شکریہ ادا کیا اور آسام کے جنگلات کے تحفظ کے تئیں محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کی ہمت، لگن اور غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔
ذرائع کے مطابق، ٹیم 23 جولائی کو لنگٹنگ، مائبانگ اور کھیپرے کے علاقوں میں جنگلات کا گشت اور سروے کرنے کے لیے روانہ ہوئی۔ اس گروپ میں دو رینج آفیسرز، ایک اسسٹنٹ رینج آفیسر، ایک فارسٹ آفیسر اور ایک فارسٹ گارڈ شامل تھے۔ ٹیم نے آخری بار 24 جولائی کی شام کو محکمے کے اہلکاروں سے بات کی تھی۔ تبھی سے ان کارابطہ منقطع تھا۔ ان کے موبائل فون یا تو بند تھے یا نیٹ ورک کوریج سے باہر تھے۔
رابطہ منقطع ہونے کے بعد آسام پولیس، آسام رائفلز اور محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے مشترکہ تلاشی مہم شروع کی۔ سرچ ٹیمیں لاپتہ کارکنوں کی تلاش کے لیے دور دراز کے جنگلاتی علاقوں کا جائزہ لے رہی تھیں کہ خوش قسمتی سے اسی دوران اتوار کو رابطہ بحال ہو گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی