
باندہ، 26 جولائی (ہ س)۔ اتر پردیش کے باندہ ضلع میں، کوتوالی نگر پولیس اسٹیشن، مارکا پولیس اسٹیشن اور اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) کی ایک مشترکہ پولیس ٹیم نے اتوار کو فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک نابالغ لڑکی کو اغوا کرنے اور اس کی عصمت دری کرنے کی کوشش کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کیا۔ ایک ملزم کو ٹانگ میں گولی لگی، جب کہ دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم ہے۔ پولیس نے ملزمان سے ایک غیر قانونی پستول، دو زندہ کارتوس، تین خالی کارتوس اور واردات میں استعمال ہونے والا ای رکشہ برآمد کر لیا۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شیوراج نے بتایا کہ 24 جولائی کی شام مارکا تھانہ علاقے کی ایک نابالغ لڑکی اپنے گھر والوں سے ناراض ہوکراپنے ننیہال نرینی (فتح پور) جانے کے لئے نکلی تھی ۔ وہ دیر رات باندہ پہنچی اور نرینی جانے کے لیے ای رکشہ پر سوار ہوئی۔ الزام ہے کہ ای رکشہ ڈرائیور نریش کمار نے اپنے دوست اعجاز کو فون کرکے لڑکی کو اغوا کیا اور اس کی عصمت دری کرنے کی کوشش کی۔ واقعے کے بعد دونوں ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ کو بحفاظت بازیاب کرایا اور طبی معائنہ کرایا۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ لڑکی کے حوالے سے مارکہ تھانے میں گم شدگی کا مقدمہ پہلے ہی درج ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ پلاش بنسل نے ملزم کی گرفتاری کے لیے کوتوالی نگر پولیس اسٹیشن، مارکا پولیس اسٹیشن، ایس او جی اور سرویلنس ٹیمیں تشکیل دیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج، تکنیکی شواہد اور ای رکشہ کی تصدیق کی بنیاد پر، پولیس نے دونوں ملزمان کی شناخت کی اور ان کی تلاش شروع کی۔ اتوار کو اطلاع ملی کہ دونوں ملزمان گانچھے روڈ پر موجود ہیں۔ پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی، علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور انہیں ہتھیار ڈالنے کو کہا۔ خود کو گھیرے میں پا کر ملزمان نے جان سے مارنے کی نیت سے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی۔ اپنے دفاع میں، پولیس نے جوابی فائرنگ کی جس میں اعجاز کی ٹانگ میں گولی لگی۔ اس کے بعد اسے گرفتار کر کے اسپتال میں داخل کر دیا گیا۔ دوسرے ملزم نریش کمار کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ انکاو¿نٹر کے دوران کانسٹیبل محمد یونس اور اندرپال سنگھ بھی زخمی ہوئے۔ دونوںاسپتال میں زیر علاج ہیں اور خطرے سے باہر ہیں۔ زخمی ملزم اعجاز اس سے قبل فوجداری جرائم میں جیل کاٹ چکا ہے۔ پولیس نے دونوں کے خلاف کوتوالی نگر تھانے میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی