
شادی کے نام پر 10 لاکھ روپے کی ٹھگی کرنے والی دو خواتین گرفتار
دیوریا، 26 جولائی (ہ س)۔
اترپردیش کے ضلع دیوریا میں بھلوانی تھانہ پولیس نے شادی کرانے کے نام پر دھوکہ دہی کر کے رقم وصولنے کے معاملے میں ہفتے کے روز دو خواتین کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے کل 40 ہزار روپے نقد برآمد کیے ہیں۔ معاملے میں دیگر ملزمان کے ملوث ہونے کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہے۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (جنوب) سنیل کمار سنگھ نے بتایا کہ بھلوانی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ہرنوٹا کی ساکن مینا دیوی (45) اور پرسیا تیواری کی ساکن گیتا دیوی (48) کو کرمٹار شیرخاں گاوں کے پاس سے گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق، ہریانہ کے سونی پت کے ساکن رویندر نے شکایت درج کرائی تھی کہ 24 جولائی کو ترکلہا میں واقع ایک میرج ہال میں گولڈی یادو نامی لڑکی سے اس کی شادی کرائی گئی۔ اس کے بعد نامزد خواتین نے جھوٹے مقدمے میں پھنسانے کا خوف دکھا کر اس سے 10 لاکھ روپے وصول لیے اور فرار ہو گئیں۔ تحقیقات کے دوران پولیس نے دونوں خواتین کے پاس سے 20-20 ہزار کل 40 ہزار روپے نقد برآمد کیے۔
اس سلسلے میں پہلے سے درج مقدمے میں برآمدگی سے متعلق دفعات کا اضافہ کرتے ہوئے مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے میں دیگر لوگوں کے کردار کی بھی تحقیقات جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن