
علی گڑھ, 23 جولائی (ہ س) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے دو ریسرچ اسکالرز نے جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کے سینٹر برائے مغربی ایشیائی مطالعات کے زیرِ اہتمام منعقدہ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان‘‘ پائیداری کے لیے اعلیٰ تعلیم کا ازسرِ نو تصور: ہندوستان اور خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) ممالک میں معیار اور اختراعی مالیاتی طریق ہائے عمل ’’ میں اپنے تحقیقی مقالے پیش کیے۔ شعبہ لسانیات کے ریسرچ اسکالر مسٹر منظور احمد نے، جو ڈاکٹر پلّو وشنو کی نگرانی میں تحقیق کر رہے ہیں ‘‘اسکول اور اعلیٰ تعلیم کی دوری کو کم کرنا: ہندوستان میں اسکولی سطح پر انگریزی زبان کی تدریس میں ای۔لرننگ کا کردار’’ کے عنوان پر اپنا تحقیقی مقالہ پیش کیا جس میں انہوں نے اسکولی سطح پر انگریزی زبان کی تعلیم کو مضبوط بنانے اور اعلیٰ تعلیم کی جانب ہموار منتقلی کو ممکن بنانے میں ای۔لرننگ کے امکانات کا تجزیہ کیا۔ شعبہ سیاسیات کے ریسرچ اسکالر مسٹر فرہام علی نے، جو پروفیسر مرزا اسمر بیگ کی نگرانی میں تحقیق کر رہے ہیں ‘‘بحرِ ہند کے خطے میں ہندوستان کی بحری سرگرمیاں اور ہندوستان -جی سی سی کے درمیان اعلیٰ تعلیمی تعاون کے لئے ان کے مضمرات’’ کے عنوان پر اپنا تحقیقی مقالہ پیش کیا۔
شعبہ لسانیات کے صدر پروفیسر ایم جے وارثی نے مسٹر منظور احمد کو مبارکباد دیتے ہوئے انگریزی زبان کی تدریس سے متعلق تحقیق میں ان کی خدمات کو سراہا۔ اسی طرح شعبہ سیاسیات کے صدر پروفیسر محمد نفیس احمد انصاری نے فرہام علی کو بین الاقوامی کانفرنس میں تحقیقی مقالہ پیش کرنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ