
علی گڑھ, 23 جولائی (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبۂ شیعہ دینیات میں ‘‘کربلا: انسانیت اور اخلاقی اقدار کا ایک مکتب’’ کے عنوان پر ایران کے ممتاز عالم مولانا سید مبین حیدر رضوی نے ایک توسیعی خطبہ دیا، جس میں انھوں نے انصاف، اخلاقیات اور انسانی وقار کے فروغ میں کربلا کی تعلیمات کی دائمی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ اپنے کلیدی خطاب میں مہمان مقرر نے جدید دنیا کے فکری و سماجی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے دینی و عصری علوم کے امتزاج کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کربلا کو اخلاقی رہنمائی کا ایک ابدی سرچشمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا پیغام آج بھی انسانیت کو حق، انصاف اور اعلیٰ اخلاقی اقدار پر قائم رہنے کی ترغیب دیتا ہے۔ اس سے قبل صدر شعبہ پروفیسر اصغر اعجاز قائمی نے مہمان مقرر کا خیرمقدم کیا اور کربلا کی قربانی، انصاف اور اخلاقی اقدار کی علامت کے طور پر اس کی آفاقی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر عباس رضا نے نظامت کے فرائض انجام دیے اور کربلا کے پیغام کے اخلاقی، تعلیمی اور تہذیبی پہلوؤں پر بھی اظہارخیال کیا۔ آخر میں مولانا زاہد حسین نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ