سماجوادی پارٹی کے دورِ حکومت میں ’سیفئی سنڈیکیٹ‘ کی من مانی چلتی تھی، کانگریس-ایس پی کے جھوٹے بیانیے سے ہوشیار رہیں: وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ
گورکھپور،22جولائی(ہ س)۔ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ 2027 کے اسمبلی انتخابات کی اصل لڑائی بوتھ کی سطح پر لڑی جائے گی اور جو جماعت بوتھ جیتے گی، وہی انتخاب میں کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کانگریس اور سماجوادی پارٹی پر جھوٹ اور گم
سماجوادی پارٹی کے دورِ حکومت میں ’سیفئی سنڈیکیٹ‘ کی من مانی چلتی تھی، کانگریس-ایس پی کے جھوٹے بیانیے سے ہوشیار رہیں: وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ


گورکھپور،22جولائی(ہ س)۔

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ 2027 کے اسمبلی انتخابات کی اصل لڑائی بوتھ کی سطح پر لڑی جائے گی اور جو جماعت بوتھ جیتے گی، وہی انتخاب میں کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کانگریس اور سماجوادی پارٹی پر جھوٹ اور گمراہ کن بیانیہ پھیلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے بی جے پی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ عوام کے درمیان حقائق پہنچائیں اور حکومت کی کامیابیوں کو گھر گھر تک لے جائیں۔

بدھ کو گورکھپور کے بابا گمبھیرناتھ پریکشا گرہ میں منعقدہ بی جے پی کے بوتھ صدور کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ بوتھ جمہوریت کی سب سے مضبوط اکائی ہے اور یہی انتخابی کامیابی کی بنیاد ہے۔ اجلاس میں گورکھپور شہر اور دیہی اسمبلی حلقوں کے 892 بوتھ صدور نے شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ نے الزام لگایا کہ 2017 سے قبل سماجوادی پارٹی کی حکومت میں ملازمتوں سے لے کر سرکاری منصوبوں تک ہر شعبے پر ’سیفئی سنڈیکیٹ‘ کا غلبہ تھا، جہاں میرٹ اور شفافیت کے بجائے خاندانی سیاست اور ذات پات کو فروغ دیا جاتا تھا۔ ان کے مطابق بی جے پی حکومت نے مکمل شفافیت کے ساتھ نوجوانوں کو مواقع فراہم کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا اصول جھوٹ کو بار بار دہرا کر اسے سچ ثابت کرنا ہے، جبکہ بی جے پی سچائی، خدمت اور قومی مفاد کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔

یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے دوران کانگریس اور سماجوادی پارٹی نے عوام میں غلط فہمیاں پھیلانے کی کوشش کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس نے ایک لاکھ روپے دینے جیسے جھوٹے وعدے کیے اور ریزرویشن کے معاملے پر بھی گمراہ کن مہم چلائی۔

انہوں نے کہا کہ بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر، مہارشی والمیکی، سنت روی داس اور سردار ولبھ بھائی پٹیل کو حقیقی احترام بی جے پی حکومتوں نے دیا، جبکہ دنیا کا سب سے اونچا سردار پٹیل کا مجسمہ بھی بی جے پی حکومت کی ہی دین ہے۔

وزیر اعلیٰ نے اپوزیشن پر الزام لگایا کہ پہلے کسانوں کو اور اب طلبہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ سماج میں عدم استحکام پیدا کیا جا سکے، جبکہ بی جے پی ترقی اور سماجی ہم آہنگی کے راستے پر گامزن ہے۔انہوں نے بوتھ صدور سے کہا کہ وہ اپنے علاقوں میں مسلسل عوامی رابطہ رکھیں اور اگر اپوزیشن دوبارہ جھوٹا بیانیہ قائم کرنے کی کوشش کرے تو اس کا جواب حقائق کی بنیاد پر بوتھ کی سطح پر ہی دیا جائے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande