
نئی دہلی،22جولائی(ہ س)۔ القاضی اردو اکیڈمی کی جانب سے اردو زبان و ادب کے فروغ اور اس سے وابستہ شخصیات کی خدمات کے اعتراف میں ایک خصوصی تقریب این ایف سی، نئی دہلی میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت معروف دانشور اور پدم شری پروفیسر اخترالواسع نے کی۔
اس موقع پر القاضی اردو اکیڈمی اور کوچنگ ٹرسٹ کی بانی ایڈوکیٹ شاہ جبیں قاضی نے کہا کہ اکیڈمی کے قیام کا مقصد یہ ثابت کرنا ہے کہ اردو زبان کی مقبولیت مسلسل بڑھ رہی ہے اور اردو کبھی ختم نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اردو کے فروغ اور نئی نسل کو اس زبان سے جوڑنے کے لیے مسلسل عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
تقریب میں اردو زبان و ادب کی موجودہ صورتِ حال، اس کو درپیش چیلنجز، تحفظ اور فروغ کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
معروف ماہر تعلیم ڈاکٹر سید احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اردو بولنے اور سمجھنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، تاہم اردو قارئین کی تعداد میں کمی تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو ڈے تحریک کا بنیادی مقصد اردو کی قارئین سازی کو فروغ دینا اور نئی نسل کو اردو زبان و ادب سے جوڑنا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی اردو زبان ترقی کونسل اور مختلف ریاستی اردو اکادمیاں اردو کتابوں، رسائل اور ادبی سرمایہ کو زیادہ سے زیادہ قارئین تک پہنچانے اور نوجوانوں میں مطالعے کا شوق پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
مقررین نے کہا کہ اردو صرف ایک زبان نہیں بلکہ ہندوستان کی مشترکہ تہذیب، گنگا جمنی ثقافت اور قومی یکجہتی کی اہم علامت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اردو کے فروغ کے لیے ادیبوں، اساتذہ، صحافیوں اور سماج کے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا۔تقریب میں اردو کے ممتاز ادیبوں، شاعروں، صحافیوں اور اردو دوست شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے اس امر پر بھی زور دیا کہ موجودہ دور میں نئی نسل کو اردو سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے لیے اسکولوں، کالجوں اور جامعات میں اردو تعلیم کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ اردو ادب کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی وسیع پیمانے پر دستیاب کرایا جانا چاہیے۔
اس موقع پر پروفیسر محمد ادریس، سراج الدین قریشی، ٹی این بھارتی، قاضی عبدالباسط، معروف شاعر معین شاداب، سینئر صحافی سہیل انجم، معصوم مرادآبادی، معروف رضا، پروفیسر سید محمد عارف زیدی، ڈاکٹر عزیر بقائی، حکیم نعیم رضا اور یونائیٹڈ نیوز آف انڈیا(یو این آئی)کے سابق چیف سب ایڈیٹر جاوید اختر سمیت متعدد ممتاز شخصیات موجود تھیں۔
تقریب کے اختتام پر ایڈوکیٹ شاہ جبیں قاضی نے تمام مہمانوں اور اعزاز یافتہ شخصیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اردو زبان و ادب کے فروغ اور اردو قارئین کی تعداد بڑھانے کے لیے مستقبل میں بھی اس نوعیت کی تقریبات کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais