
نئی دہلی، 21 جولائی (ہ س)۔ ہاکی انڈیا نے ایف آئی ایچ ہاکی مینز ورلڈ کپ بیلجیم اور نیدر لینڈ 2026 کے لیے 20 رکنی ہندوستانی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ تجربہ کار ڈیفینڈر اور ڈریگ فلک ماہر ہرمن پریت سنگھ ٹیم کی کپتانی کریں گے، جبکہ تجربہ کار مڈفیلڈر منپریت سنگھ ٹیم میں تجربے کا اہم کردار ادا کریں گے۔
ورلڈ کپ 15 سے 30 اگست 2026 تک بیلجیم اور نیدرلینڈ میں منعقد ہوگا۔ ہندوستان کو پول ڈی میں انگلینڈ، پاکستان اور ویلز کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم اپنے لیگ کے تمام میچ نیدر لینڈ کے ایمسٹیلوین میں کھیلے گی۔
ہیڈ کوچ کریگ فلٹن نے ٹیم کے انتخاب پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ ایک متوازن ٹیم ہے۔ اس میں بڑے ٹورنامنٹ کا تجربہ رکھنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ شاندار فارم میں چل رہے نوجوان کھلاڑیوں کا زبردست امتزاج ہے ۔ ان نوجوانوں نے ٹیم میں جگہ اپنی ساکھ کی بنیاد پر نہیں بلکہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر حاصل کی ہے۔“
ہندوستان اپنی مہم کا آغاز 15 اگست کو ویلز کے خلاف کرے گا، اس کے بعد 17 اگست کو انگلینڈ اور 19 اگست کو روایتی حریف پاکستان کے خلاف میچ کھیلے گا۔ ہندوستان اور پاکستان کے میچ کو پول مرحلے کا سب سے زیادہ متوقع میچ سمجھا جا رہا ہے۔
فلٹن نے کہا، ”پریس، کاؤنٹر اور ایکزیکیوٹ‘ صرف ہماری حکمت عملی نہیں ہے، یہ اس ٹیم کی سوچ اور تربیت کی بنیاد بھی ہے۔ ہم اس وقت زیادہ آگے نہیں سوچ رہے ہیں۔ ہمارا مقصد ایک وقت میں ایک میچ پر توجہ مرکوز کرنا اور ہر میچ میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے۔“
ان کا مزید کہنا تھا، ”ہندوستان نے 1975 میں ورلڈ کپ جیتا تھا۔ اس تاریخی کامیابی کے 50 سال بعد، اس ٹیم کے پاس ہندوستانی ہاکی کی تاریخ میں ایک نیا باب لکھنے کا موقع ہے اور ہم سب اس کے لیے بہت پرجوش ہیں۔“
ہندوستانی ٹیم
گول کیپر: موہت ایچ ایس، سورج کرکیرا
ڈیفینڈر : جرمن پریت سنگھ، ہرمن پریت سنگھ (کپتان)، ا مت روہیداس، جوگراج سنگھ، سنجے، سمت، یشدیپ سیواچ
مڈفیلڈر: منپریت سنگھ، ہاردک سنگھ، وویک ساگر پرساد، نیل کانت شرما، راجندر سنگھ، آدتیہ ارجن لالگے
فارورڈ: مندیپ سنگھ، دلپریت سنگھ، ابھیشیک، سکھجیت سنگھ، شیلانندلاکڑا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد