
لندن، 21 جولائی (ہ س)۔ انگلینڈ کے نوجوان آل راؤنڈر جیکب بیتھل گھٹنے کی چوٹ کے باعث دی ہنڈریڈ 2026 سے باہر ہو گئے ہیں۔ بیتھل اس بار برمنگھم فینکس کی کپتانی کرنے والے تھے، لیکن انجری کے سبب اب وہ ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ اس کے ساتھ ہی اگست میں پاکستان کے خلاف ہونے والی انگلینڈ کی ٹیسٹ سیریز میں ان کی شرکت بھی مشکوک ہو گئی ہے۔
برمنگھم فینکس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا، 22 سالہ جیکب بیتھل انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں اپنا بحالی پروگرام جاری رکھیں گے۔ آنے والے چند ہفتوں میں ان کی مکمل توجہ فٹنس حاصل کرنے پر ہوگی۔
بیتھل آخری بار بھارت کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں میدان میں اترے تھے۔ انہوں نے تین میچوں میں 109 رنز بنائے اور 36.33 کی اوسط سے بیٹنگ کی۔ سیریز کے فیصلہ کن مقابلے میں 91 رنز بنانے اور 49 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کرنے کی شاندار کارکردگی پر انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا تھا۔
چوٹ کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہونے پر بیتھل نے کہا، دی ہنڈریڈ میں نہ کھیل پانا انتہائی مایوس کن ہے، خاص طور پر ایجبسٹن میں اپنے شائقین کے سامنے برمنگھم فینکس کی نمائندگی کرنے کا موقع ضائع ہونا۔ بدقسمتی سے مجھے مکمل فٹ ہونے کے لیے وقت دینا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا، اس وقت میری پوری توجہ اپنی بحالی کا عمل مکمل کرنے اور مکمل فٹ ہو کر میدان میں واپسی پر ہے۔ میں شائقین، اپنے ساتھی کھلاڑیوں اور میڈیکل اسٹاف کا ان کی حمایت کے لیے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ پورے ٹورنامنٹ کے دوران میں اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتا رہوں گا۔
برمنگھم فینکس نے بیتھل کی غیر موجودگی میں ڈونووان فریرا کو ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا ہے۔ وہیں، ان کی جگہ ٹیم میں شامل کیے جانے والے کھلاڑی کے نام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد