
نئی دہلی، 18 جولائی (ہ س)۔
پبلک سیکٹر بینک پنجاب نیشنل بینک (پی این بی) نے رواں مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی (اپریل-جون) کے اپنے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔بینک کی پہلی سہ ماہی میں انفرادی بنیاد پر بینک کا خالص منافع تین گنا بڑھ کر 5,253 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔ پچھلے مالی سال 2025-26 کی اسی مدت میں، بینک کا خالص منافع 1,675 کروڑ روپے تھا۔
پی این بی نے اسٹاک ایکسچینج کو مطلع کیا کہ 30 جون 2026 کو ختم ہونے والی پہلی سہ ماہی میں اس کی کل آمدنی 37,231 کروڑ روپے پر مستحکم رہی۔ تاہم، بینک کی سود کی آمدنی قدرے بڑھ کر 32,897 کروڑ ہوگئی، جو پچھلے مالی سال کی اسی سہ ماہی میں 31,964 کروڑ تھی۔ آپریٹنگ منافع بڑھ کر 7,519 کروڑ ہو گیا، جو ایک سال پہلے کی اسی سہ ماہی میں 7,081 کروڑ تھا۔
پنجاب نیشنل بینک کے مطابق بینک کے اثاثوں کے معیار میں بھی بہتری آئی ہے۔ مجموعی نان پرفارمنگ اثاثہ جات (این پی اے) اپریل تا جون سہ ماہی میں کل قرضوں کا 2.78 فیصد رہ گیا، جو ایک سال پہلے 3.78 فیصد تھا۔ اسی طرح، خالص این پی اے، یا بیڈ لون، ایک سال پہلے کی اسی سہ ماہی میں 0.38 فیصد کے مقابلے میں 0.26 فیصد تک گر گیا۔
بینک کے مطابق، مجموعی طور پر مجموعی این پی اے کم ہو کر 35,381 کروڑ ہو گیا، جو پچھلے مالی سال 2025-26 کی اپریل-جون سہ ماہی میں 42,673 کروڑ تھا۔ وہیں خالص این پی اے گھٹ کر 3,433 کروڑ روپے رہ گیا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی سہ ماہی میں 4,132 کروڑ روپے تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ