
اٹلانٹا، 16 جولائی (ہ س)۔
ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں انگلینڈ پر ملی 1-2 کی جیت ان کی ٹیم اور مداحوں کے لیے بے حد خاص تھی۔ میسی نے آخری منٹوں میں دو شاندار اسسٹ دے کر ارجنٹینا کو سنسنی خیز جیت دلائی اور لگاتار دوسری مرتبہ ورلڈ کپ فائنل میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
میچ کے بعد میسی نے کہا، ’’حالانکہ یہ صرف ایک میچ تھا، لیکن ہم نے کچھ بے حد خاص لمحات گزارے۔ ہمارے مداح اس جیت کو کسی بھی دوسری جیت سے زیادہ چاہتے تھے، کیونکہ سیمی فائنل میں انگلینڈ کا سامنا کرنے اور ایک بار پھر ورلڈ کپ فائنل میں پہنچنے کی اپنی الگ ہی اہمیت ہے‘‘۔
انگلینڈ نے دوسرے ہاف کی شروعات میں انتھونی گورڈن کے گول سے برتری حاصل کر لی تھی، لیکن اس کے بعد میسی نے پہلے اینزو فرنانڈیز کو برابری کا گول کرانے والا پاس دیا اور پھر انجری ٹائم میں لاوٹارو مارٹنیز کو فاتح گول کے لیے شاندار کراس دیا۔
انہوں نے کہا، ’’یہ ٹیم کبھی کوشش کرنا نہیں چھوڑتی۔ ہم میدان پر فٹ بال کھیلنے اور پورے جذبے کے ساتھ اترے تھے۔ ہم نے انگلینڈ کو ان کے ہی حصے میں دبا کر رکھا اور یہ دکھایا کہ ہم اضافی وقت میں گئے بغیر بھی میچ جیت سکتے ہیں‘‘۔
انہوں نے مزید کہا، ’’کوئی بھی ارجنٹائنی یہ میچ ہارنا نہیں چاہتا تھا۔ اس پورے ورلڈ کپ کا سفر ناقابلِ یقین رہا ہے، خاص طور پر اس لیے کیونکہ انگلینڈ کے خلاف اس سیمی فائنل کی اپنی الگ اہمیت تھی۔ باقی کسی بھی تناظر سے الگ، آج کوئی بھی ہارنا نہیں چاہتا تھا، لیکن آخر کار ہم نے جیت حاصل کر لی‘‘۔
میچ کے 81 ویں منٹ میں میدان پر اترے لاوٹارو مارٹنیز نے انجری ٹائم میں فاتح گول داغ کر ارجنٹینا کو فائنل میں پہنچا دیا۔ میچ کے بعد وہ جذباتی نظر آئے۔
مارٹنیز نے کہا، ’’اس وقت بولنا بہت مشکل ہے، لیکن میں کوشش کر رہا ہوں کہ روؤں نہیں، کیونکہ ڈریسنگ روم میں میں بہت رو چکا ہوں۔ ہم نے جو حاصل کیا ہے، وہ ناقابلِ یقین ہے۔ ہم لگاتار آگے بڑھتے رہے اور یہی ہمارے لیے سب سے بڑی تسلی ہے‘‘۔
انہوں نے آگے کہا، ’’یہ جیت آسان نہیں تھی۔ پہلا ہاف ہمارے لیے بہت مشکل رہا۔ انگلینڈ نے شاندار پریسنگ کی۔ دوسرے ہاف میں انہوں نے گول کیا اور پھر پیچھے ہٹ گئے۔ اس کے بعد ہم نے صبر کے ساتھ کھیل پر کنٹرول بنایا اور گیند اپنے پاس رکھی‘‘۔
مارٹنیز نے کہا، ’’جب برابری کا گول ہوا اور ہمارے مداحوں کا تعاون ملا تو سب کچھ آسان ہو گیا۔ پھر انجری ٹائم میں دوسرا گول آیا اور اس کے بعد تو صرف خوشی ہی خوشی تھی‘‘۔
ارجنٹینا اب 19 جولائی کو ہونے والے ورلڈ کپ فائنل میں اسپین سے بھڑے گا۔ مارٹنیز نے کہا کہ اب پوری ٹیم کی توجہ خطابی مقابلے پر ہے۔
انہوں نے کہا، ’’اسپین کے پاس شاندار کھلاڑی ہیں۔ اب ہمیں آرام کرنا ہوگا، اپنی توانائی واپس حاصل کرنی ہوگی اور فائنل کی تیاری پوری طاقت کے ساتھ کرنی ہوگی۔ لیکن ساتھ ہی ہمیں اس کامیابی کا لطف بھی اٹھانا چاہیے، کیونکہ ساڑھے تین سال تک موجودہ ورلڈ چیمپئن رہتے ہوئے لگاتار دوسری بار ورلڈ کپ فائنل میں پہنچنا کوئی چھوٹی بات نہیں ہے۔ اس لیے ہم اس لمحے کا پورا لطف اٹھائیں گے‘‘۔
میچ کے بعد ارجنٹینا کے کھلاڑیوں نے ’’لاس مالویناس سون ارجنٹیناس‘‘ (فاک لینڈ جزائر ارجنٹینا کے ہیں) لکھا ہوا بینر بھی لہرایا، جس نے اس تاریخی مقابلے کو اور بھی جذباتی بنا دیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن