
اٹلانٹا، 16 جولائی (ہ س)۔
لیونل میسی کے شاندار کھیل اور آخری لمحات میں دو معاونت کی بدولت ارجنٹائن نے بدھ کو فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 2-1 سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار فائنل میں رسائی حاصل کی۔ اب 19 جولائی کو فائنل میچ میں ارجنٹائن کا مقابلہ اسپین سے ہوگا۔
انگلینڈ نے میچ کے 55ویں منٹ میں اینتھونی گورڈن کے گول کی بدولت برتری حاصل کی۔ ایسا لگ رہا تھا کہ انگلینڈ 1966 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچے گا لیکن آخری پانچ منٹ میں میسی کے جادو نے میچ کا رخ ہی پلٹ دیا۔
میسی نے میچ کا رخ موڑ دیا
میچ کے 85ویں منٹ میں لیونل میسی نے کارنر سے کھیل کا آغاز کیا، گیند کو واپس لیا اور مڈ فیلڈ میں اینزو فرنانڈیز کو شاندار پاس دیا۔ فرنانڈیز نے تقریباً 25 گز سے شاندار کرلنگ شاٹ کے ساتھ گول کیا، اسکور کو 1-1 سے برابر کردیا۔
اس کے بعد اضافی وقت کے دوسرے منٹ میں میسی نے باکس میں ایک درست کراس پہنچایا، جہاں لاو¿ٹارو مارٹینز نے دو ڈیفینڈرز کے درمیان ڈریبل کیا اور شاندار ہیڈر کے ذریعے فاتحانہ گول کر کے ارجنٹینا کو 2-1 کی یادگار فتح دلا دی۔
فائنل میں ارجنٹینا کا مقابلہ اسپین سے ہوگا
فتح کے ساتھ ہی ارجنٹینا نے مسلسل دوسری بار ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ پکی کر لی ہے۔ اب ٹیم کے پاس برازیل (1958 اور 1962) کے بعد لگاتار دو ورلڈ کپ جیتنے والی پہلی ٹیم بننے کا سنہری موقع ہے۔
انگلینڈ کا 60 سال بعد ورلڈ کپ فائنل کھیلنے کا خواب چکنا چور ہوگیا۔
گولڈن بوٹ کی دوڑ میں میسی سرفہرست
اس میچ میں لیونل میسی گول نہیں کر سکے لیکن ان کے دو اسسٹ نے انہیں گولڈن بوٹ کی دوڑ میں برتری دلا دی۔ میسی اور فرانس کےکیلین ایمباپےکے پاس اس ورلڈ کپ میں ہر ایک کے آٹھ گول ہیں، لیکن میسی فی الحال زیادہ اسسٹ کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔
میسی 21 گول کر کے ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ تاہم، اب ان کی توجہ ذاتی کامیابیوں سے زیادہ ارجنٹینا کو ورلڈ کپ کے دوسرے ٹائٹل تک پہنچانے پر ہے۔ارجنٹینا اب عالمی چیمپئن بننے سے صرف ایک جیت دور ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ