
اٹلانٹا، 16 جولائی (ہ س)۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دینے کے بعد ارجنٹینا کے کچھ کھلاڑیوں کی جانب سے فاک لینڈ جزائر (مالویناس) کی حمایت والا بینر لہرانے پر اب ٹیم پر فیفا کی کارروائی کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔
میچ کے بعد ارجنٹینا کے کھلاڑیوں نے میدان پر ’’لاس مالویناس سون ارجنٹیناس‘‘ (فاک لینڈ جزائر ارجنٹینا کے ہیں) لکھا ہوا بینر لہرایا اور میدان چھوڑنے سے پہلے اسے وہیں چھوڑ دیا۔
اس سے پہلے ارجنٹینا کے ہیڈ کوچ لیونل اسکالونی نے کہا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ انگلینڈ کے خلاف یہ مقابلہ دونوں ممالک کے درمیان فاک لینڈ جزائر کے تنازعہ سے جوڑا جائے۔
فٹ بال کے قوانین بنانے والا ادارہ انٹرنیشنل فٹ بال ایسوسی ایشن بورڈ (آئی ایف اے بی) اور فیفا بڑے ٹورنامنٹوں میں سیاسی پیغامات، نعروں اورعلامتوں کی نمائش کے خلاف سخت رخ اپناتے رہے ہیں۔
آئی ایف اے بی کے قوانین کے مطابق، ’’کھلاڑیوں کے ساز و سامان یا کپڑوں پر کسی بھی قسم کا سیاسی، مذہبی یا ذاتی نعرہ، پیغام یا تصویر نہیں ہونی چاہیے۔ اگر کوئی کھلاڑی ایسا کرتا ہے تو متعلقہ ٹورنامنٹ کے آرگنائزر، قومی فٹ بال ایسوسی ایشن یا فیفا اس کے خلاف کارروائی کر سکتے ہیں‘‘۔
اسی قانون کے تحت ارجنٹینا پر انضباطی کارروائی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
فاک لینڈ جزائر کو لے کر ارجنٹینا اور برطانیہ کے درمیان طویل عرصے سے تنازعہ چلا آ رہا ہے۔ سال 1982 میں دونوں ممالک کے درمیان 74 دنوں تک جنگ ہوئی تھی، جس میں 655 ارجنٹائنی فوجی، 255 برطانوی فوجی اور جزیرے کے تین شہریوں کی موت ہوئی تھی۔
ارجنٹینا لگاتار فاک لینڈ جزائر پر اپنا دعویٰ کرتا رہا ہے، جبکہ یہ جزیرہ برطانیہ کے کنٹرول میں ہے۔ یہ برطانیہ سے تقریباً 8,000 میل اور ارجنٹینا کی مرکزی سرزمين سے تقریباً 300 میل دور واقع ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ارجنٹینا کی ٹیم نے ایسا بینر پیش کیا ہو۔ سال 2014 میں سلووینیا کے خلاف ایک دوستانہ میچ سے پہلے بھی کھلاڑیوں نے اسی طرح کا بینر لہرایا تھا۔
اس وقت فیفا نے ارجنٹینا فٹ بال ایسوسی ایشن پر 20 ہزار پاونڈ کا جرمانہ عائد کیا تھا۔
فی الحال اس معاملے میں فیفا کی جانب سے کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے، لیکن بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس واقعے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن